پاکستان نے افغانستان سے حافظ گل بہادر کی حوالگی کا مطالبہ کردیا

ویب ڈیسک:دفتر خارجہ نے افغان ناظم الامورکو طلب کرکے بنوں میں 26نومبر کو سکیورٹی فورسز پر افغان شہری کے حملے پر سخت احتجاج کیاہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف دہشت گرد حملوں میں افغان سرزمین اور افغان شہریوں کے استعمال ہونے کے ثبوت افغان ناظم الامور کے حوالے کرتے ہوئے سخت پیغام دیا کہ اس سلسلے کو روکنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں ۔پاکستانی حکام نے افغان ناظم الامور سے حافظ گل بہادر کی حوالگی کا مطالبہ بھی کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں افغان شہری کے سکیورٹی فورسز پر خودکش حملے کی ذمہ داری حافظ گل بہادر گروپ نے قبول کی تھی، جس پر افغان ناظم الامور سے ان دہشتگردوں کے سہولت کاروں اور خاص کر حافظ گل بہادر کی حوالگی کا مطالبہ کیاگیا۔ دفتر خارجہ نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے افغان ناظم الامور پر واضح کیا کہ افغانستان سے پاکستان کے خلاف مسلسل منظم حملے ہو رہے ہیں،مطالبہ کیا گیا کہ افغان عبوری حکومت پاکستان کیخلاف افغان سر زمین کا استعمال روکے اورافغانستان میں موجود متحرک دہشتگردوں کی پناہ گاہیں فوری ختم کی جائیں۔

مزید پڑھیں:  تحریک انصاف جلسہ ختم، ساؤنڈ سسٹم اور لائٹس بند، شرکاء لوٹنے لگے