ماحولیاتی آلودگی

پشاور میں ماحولیاتی آلودگی:وزیراعلیٰ نے ٹھوس اقدامات کی ہدایت کردی

ویب ڈیسک :نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سید ارشد حسین شاہ نے پشاور میں ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لیے وقتی سرگرمیوں کی بجائے کل وقتی حل نکالا جائے۔
وزیر اعلیٰ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت فضائی آلودگی بارے اجلاس ہوا جس میں پشاور میں فضائی آلودگی کی وجوہات اور ان کے تدارک پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لیے انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پشاور میں غیر معیاری اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کی اسسمنٹ کی جا چکی ہے
حکام نے بتایا کہ ماحولیاتی اصولوں کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائیوں کے علاوہ اینٹوں کے روایتی بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی میں تبدیل کرنے پر پیش رفت جاری ہے جبکہ اس مقصد کے لیے رواں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ایک منصوبہ شامل ہے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اب تک 256 بھٹوں 36 اسٹیل ملوں کا معائنہ کیا جا چکا ہے‘غیر معیاری انتظامات کے حامل اینٹ کے بھٹوں اور اسٹیل ملوں کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات سمیت ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لیے وقتی سرگرمیوں کی بجائے کل وقتی حل نکالا جائے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ٹو اسٹروک رکشوں اور آلودگی کا سبب بننے والی دیگر گاڑیوں کا مسئلہ حل کرنے کے لیے قابل عمل پلان کرنے کے علاوہ اکیڈیمیا اور متعلقہ اداروں سے مشاورت کی جائے۔
ارشد حسین شاہ نے کہا کہ دیرپا نتائج کے لیے متعلقہ حکام کو بذات خود فیلڈ میں نکلنا ہو گامیں بذات خود اچانک دورے کروں گا، ناقص کارکردگی پر ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
صحت مند معاشرے کے لیے آلودگی کو کنٹرول کرنا ناگزیر ہے ‘اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی‘ماحولیاتی تحفظ کے لیے اقدامات کے ساتھ ساتھ آلودگی کے خلاف بھرپور آگاہی مہم بھی ضروری ہے۔

مزید پڑھیں:  لاہور میں تحریک انصاف عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، تیاریاں مکمل