آزاد کشمیر کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس طلب

ویب ڈیسک: بجلی کے بلوں اور مہنگائی کے خلاف عوامی ایکشن کمیٹی کی اپیل پر آزاد کشمیر میں احتجاج جاری ہے۔
اس سلسلے میں مختلف شہروں سے نکلنے والے قافلے راولا کوٹ پہنچ گئے ہیں۔ آزاد کشمیر کی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والا اجلاس آج صبح پی ایم ہاؤس میں ہوگا جس میں آزاد کشمیر حکومت اور وزارت داخلہ کے نمائندوں سمیت دیگر اہم حکام شریک ہوں گے۔
یاد رہے کہ اجلاس میں آزاد کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
دوسری جانب آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی اور حکام کے درمیان ڈیڈلاک برقرار ہے۔ آزاد کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد نے دیگر جماعتوں کے قائدین سے رابطے تیز کر دیئے ہیں۔
حکومت کی جانب سے کل بھی تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جبکہ ضلعی دفاتر بھی اس دوران بند رکھے جائیں گے۔

مزید پڑھیں:  آئینی ترامیم کیلیے اراکین خریدنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اسد قیصر