خیبر پختونخوا میں صحت سہولیات سندھ سے ہزار گناہ بہتر ہیں، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں صحت سہولیات سندھ سے ہزار گناہ بہتر ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اگر سندھ میں صحت سہولیات بہتر ہوتیں تو چیئرمین پیپلز پارٹی اور دیگر کو علاج کے لیے لندن اور امریکہ نہ جانا پڑتا۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں بولنے سے پہلے انہیں تھر کے ہسپتالوں کا دورہ کر کے وہاں سسکتے بچوں کا احوال پوچھنا چاہئے تھا۔
صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ صحت کارڈ منصوبے کی وجہ سے سندھ کے عوام کہتے ہیں کاش ہم خیبر پختونخوا کے باشندے ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے ہسپتالوں میں بھی ہمارے پشتون خیبر پختونخوا کے صحت کارڈ پر علاج کراتے ہیں۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید بتایا کہ ہمارے ہسپتالوں میں افغانستان اور تاجکستان تک کے رہائشی علاج کراتے ہیں لیکن ہم نے کبھی احسان نہیں جتایا۔ پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بین القوامی معیار کے مطابق سہولیات دی جاتی ہیں جس پر انسٹی ٹیوشن نے کئی بین القوامی ایورڈز حاصل کئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  لویردیر: ناروا ٹیکسز کیخلاف ٹرانسپورٹرز نے پہیہ جام کا اعلان کر دیا