چین آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی بھرپور حمایت کرتا ہے، شی جنپنگ

ویب ڈیسک: چین کے دارالحکومت بیجنگ میں چین عرب تعاون فورم کا انعقاد کیا گیا جس میں‌عرب ریاستوں مصر، متحدہ عرب امارات، بحرین اور تیونس کے سربراہان و وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں چین کے صدر شی جنپنگ نے غزہ جنگ پر بین الاقوامی امن کانفرنس کا مطالبہ کرتے ہوئے مزید انسانی امداد کا وعدہ بھی کیا۔
ذرائع کے مطابق شی جنپنگ نے چین عرب تعاون فورم کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر خطاب میں خوشی کا اظہار کیا اور چین عرب تعاون فورم کے بارے میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
چینی صدر نے کہا کہ غزہ جنگ غیر معینہ مدت تک جاری نہیں رہ سکتی، دو ریاستی حل کو من مانی پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔
شی جنپنگ نے کہا کہ چین ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور فلسطینیوں کی اقوام متحدہ میں مکمل رکن ریاست بننے کی کوشش کی تائید کرتا ہے۔
چینی صدر نے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان تنازع کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے "عالمی امن کانفرنس‘‘ کے انعقاد پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا کہ مشرق وسطیٰ میں انصاف "ہمیشہ کے لیے غائب” نہیں رہ سکتا۔
مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے اس موقع پر غزہ پٹی میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر یو اے ای صدر الشیخ محمد بن زاید نے کہا کہ غزہ پر اسرائیل کی جنگ کی وجہ سے خطے کو مشکل حالات کا سامنا ہے۔

مزید پڑھیں:  جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ دھماکہ، 2چینی باشدوں سمیت 3 افراد جاں بحق