وزیراعلیٰ کی سربراہی میں 19 رکنی اینٹی نارکاٹکس ٹاسک فورس قائم

ویب ڈیسک: انسداد منشیات کے لئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے 19 رکنی اینٹی نارکاٹکس ٹاسک فورس قائم کر دی۔
وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا 19 رکنی ٹاسک فورس کے سربراہ ہونگے۔
اس کے ساتھ ہی خیبر پختونخوا میں نارکاٹکس ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ٹاسک فورس کے دیگر ممبران میں متعلقہ کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور دیگر شامل ہیں۔
یاد رہے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے گذشتہ دنوں اپنی زیر صدارت انسداد منشیات سے متعلق اجلاس میں صوبائی ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ صوبے میں منشیات کی تیاری اور سپلائی کا سدباب خصوصاً تعلیمی اداروں، ہاسٹلز اور جیلوں میں منشیات کی فراہمی کا تدارک ٹاسک فورس کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نو قائم اینٹی نارکاٹکس ٹاسک فورس منشیات کے عادی افراد کے علاج معالجے، بحالی اور انہیں سماجی دھارے میں شامل کرنے سے متعلق امور کی بھی نگرانی کرے گی۔

مزید پڑھیں:  وزیراعظم شہبازشریف آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرینگے