عالیہ نیلم نے عہدے کا حلف

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے عہدے کا حلف اٹھا لیا ، انہیں پہلی خاتون چیف جسٹس ہونے کا اعزاز حاصل ہو گیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے ان سے حلف لیا۔
ویب ڈیسک: لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف جسٹس عالیہ نیلم نے اٹھا لیا۔ اس حوالے سے تقریب گورنر ہاؤس پنجاب میں ہوئی جہاں گورنر سردار سلیم حیدر نے جسٹس عالیہ نیلم سے حلف لیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، اعظم نذیر تارڑ سمیت آئی جی پنجاب، لاہور ہائیکورٹ کے ججز علی باقر نجفی، عابد عزیز شیخ اور دیگر نے بھی اس تقریب میں‌شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حلف برداری تقریب کے بعد انہیں‌مبارکباد پیش کی۔
ذرائع کے مطابق عالیہ نیلم لاہور ہائیکورٹ کی 53 ویں جبکہ پہلی خاتون چیف جسٹس ہیں ، انہوں نے 1995 میں پنجاب یونیورسٹی لا کالج سے قانون کی ڈگری حاصل کی، اس کے اگلے سال 1996 میں بطور وکیل رجسٹرڈ ہوئیں۔ 2013 میں انہیں‌لاہور ہائیکورٹ میں ایڈہاک جج کے طور پر تعینات کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن میں لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کےلیے 3 ناموں جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس عالیہ نیلم پر غور کیا گیا تھا۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی زیرِ صدارت ہوئے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ میں‌چیف جسٹس کے عہدہ کیلیے جسٹس عالیہ نیلم کے نام کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔
یاد رہے کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے منظوری دینے کے بعد وزارتِ قانون نے جسٹس عالیہ نیلم کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔حلف برداری کے بعد جب چیف جسٹس عالیہ نیلم لاہور ہائیکورٹ پہنچیں تو انہیں‌ پولیس کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
8 مارچ کو جسٹس ملک شہزاد نے سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔اس کے بعد 2 جولائی کو سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس محمد شفیع کو سندھ ہائی کورٹ اور جسٹس عالیہ نیلم کو لاہور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس بنانے کی سفارش کی تھی۔

مزید پڑھیں:  بیرسٹر گوہر سمیت 20وکلا ء کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج