سعودی ایئرلائن کے طیارے کو حادثہ

سعودی ایئرلائن کے طیارے کو حادثہ، پشاور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بند

ویب ڈیسک: سعودی ایئرلائن کے طیارے کو حادثہ، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جمعہ صبح ساڑھے 10 بجے تک پشاور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بند کر دی۔
ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے تمام ایئرلائنز کو ایئرپورٹ کی جزوقتی بندش کے حوالے سے مطلع کر دیا گیا جس کے بعد پشاور آنے والی پروازوں کو متبادل ایئرپورٹ پر اتارا جائے گا۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق جہاز رن وے پر ہی موجود ہے جس کی وجہ سے پروازوں کیلئے رن وے دستیاب نہیں ہوگا، ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ نے سعودی ایئر لائن کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کا نوٹس لے لیا اور اس سلسلے میں تحقیقاتی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ کر تحقیقات کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ایئرلائن کے طیارے کو حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ پشاور ایئرپورٹ پر لینڈنگ کر رہا تھا، اس دوران طیارے کے ٹائروں میں آگ لگ گئی تھی۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق آگ جہاز کے لینڈنگ کے دوران دائیں ٹائر میں لگی، طیارہ ریاض سے پشاور ایئرپورٹ پر لینڈ کررہا تھا۔ طیارے کے ٹائر میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا جبکہ اس سے کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔

مزید پڑھیں:  تخت بھائی میں 26 سالہ شادی شدہ خاتون کی خودکشی، تحقیقات شروع