تیز ہواوں کیساتھ موسلادھار بارش

تیز ہواوں کیساتھ موسلادھار بارش، ملک بھر میں موسم خوشگوار

ملک بھر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواوں کیساتھ موسلادھار بارش سے موسم جہاں خوشگوار ہو گیا وہیں اس سے ندی نالوں میں طغیانی کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ حفاظتی اقدامات کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔
ویب ڈیسک: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ساتھ ملک کے دیگر شہروں میں بھی گرمی کے ستائے لوگوں کے چہرے تیز ہواوں کیساتھ موسلادھار بارش سے کھل اٹھے ہیں۔
اسلام آباد، لاہور، کراچی اور پشاور سمیت کوئٹہ سے بھی بارش کی اطلاعات ہیں جس سے موسم یکسر بدل گیا ہے اور گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ کہیں موسلادھار اور کہیں وقفے وقفے سے ہلکی بارش نے رنگ جما دیا تاہم اس سے بعض علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کی بھی اطلاعات ہیں۔
اسلام آباد میں گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش ہوئی، راولپنڈی میں بادل جم کر برسے جس کے بعد جڑواں شہروں کا موسم انتہائِی خوشگوار ہو گیا اور شہریوں نے بھی گرمی سے چھٹکارا پانے پر سکھ کا سانس لیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں علی الصبح تیز ہوا کیساتھ بارش ہوئی۔
اٹک، ٹیکسلا، قصور سمیت دیگر علاقوں میں بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوشگوار ہو گیا، شہریوں کے چہرے کھل اٹھے تاہم بعض مقامات پر بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
خیبرپختوبنخوا کے مختلف اضلاع میں بھی بادل جم کر برسے جس سے موسم بدلتے ہی بجلی کا ن ظام ٹرپ کر گیا اور اکثر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔
بارشوں کے دوران این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے 3 دنوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، ممکنہ طور پر بارش 50-100 ملی میٹر سے زائد ہو سکتی ہے جو مقامی ندی نالوں میں طغیانی سمیت کئِی شہروں میں اربن فلڈنگ ہو سکتی ہے جبکہ گلیات، کشمیر، کوہستان، مانسہرہ اور مری میں لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی بدستور موجود ہے۔
اس حوالے سے صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹیز اور مقامی انتظامیہ کو چوکس رہنے اور خطرے سے دو چار آبادی کی حفاظت کیلئے مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ لوگوں کو ہدایت کی گئِی ہے کہ غیر ضروری کاموں کیلئے گھومنے پھرنے سے پرہیز کریں اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کریں، کسی بھی بلاک شدہ نالوں یا ممکنہ خطرات کا موجب بننے والے عمل کی اطلاع مقامی حکام کو فوری طور پر دیں۔

مزید پڑھیں:  مجوزہ آئینی پیکیج مسترد، بار ایسوسی ایشنز نے مزاحمت کا اعلان کر دیا