سپریم کورٹ کا فیصلہ

سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین کو دوبارہ لکھنے کی کوشش ہے ،رانا ثناء اللہ

ویب ڈیسک: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا آج کا فیصلہ آئین کو دوبارہ لکھنے کی کوشش ہے ، ایک نیا فیصلہ تحریک انصاف کے حق میں آگیا ہے جو انہوں نے آج تک کلیم ہی نہیں کیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ سنی اتحاد کونسل کے حق میں نہیں آیا، سنی اتحاد کونسل نے جو درخواست کی وہ تسلیم نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ عدالت عظمی کا احترام ہے لیکن انہوں نے جو حلف اٹھایا وہ آئین کے تحفظ کا حلف ہے آئین کو دوبارہ سے لکھنا میری سمجھ کے مطابق تحفظ سے میل نہیں کھاتا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عدالت کا فیصلہ انصاف پر مبنی ہونا چاہے اور ہوتا ہوا نظر آنا چاہے، عدالتی فیصلے عام فہم ہونے چاہئیں اور سمجھ میں آئیں، عام آدمی کو ان فیصلوں سے تحفظ کا احساس ہو کہ عدالتیں انصاف کررہی ہیں ایسے فیصلے جو سمجھ سے بالا تر ہوں جو ابہام پیدا کریں وہ فیصلے ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ جو فریق عدالت کے سامنے ہو اور جو ریلیف مانگا جارہا ہو اس پر فیصلہ ہونا چاہیے ایسے فیصلوں کے نتائج انتہائی افسوس ناک اور ملک و قوم کے خلاف ہوتے ہیں، ایک فیصلہ آیا تھا جس میں ملک و قوم اور آئین کے فیصلوں کو کرنے کا اختیار دیدیا گیا تھا اس فیصلے کو قوم نے برسوں بھگتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح کا فیصلہ آرٹیکل 63 سے متعلق بھی آیا تھا جس پر تمام قانون دانوں نے کہا یہ آئین کو دوبارہ لکھنے کی کوشش ہے۔

مزید پڑھیں:  میں اور میری فیملی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، پرویز الٰہی