بلوں سے اضافی چارجز

لاہور ہائیکورٹ کا بلوں سے اضافی چارجزاورٹیکسز ختم کرنے کا حکم

ویب ڈیسک: لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے نیپرا کو بجلی بلوں سے اضافی چارجز اور ٹیکسز ختم کرنے کا حکم جاری کردیا ہے ۔
لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے نیپرا کو ہدایت کی کہ وہ 4ہفتوں میں صارفین بجلی کے اعتراضات سن کر غیر قانونی ٹیکس ختم کرے، اضافی چارجز کے خلاف شکایات سن کر انہیں بھی ختم کیا جائے۔
عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی آئینی زمہ داری ہے۔
حکم نامے میں ہدایت کی گئی ہے کہ بجلی کے تمام متاثرہ صارفین نیپرا سے رجوع کریں، اگر داد رسی نا ہوئی تو پھر ذمہ داران کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔
لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ میں رضوان الٰہی ایڈوکیٹ نے بجلی بلوں میں اضافی چارجز اور غیرقانونی ٹیکسز میں اضافے کے خلاف درخواست دائر کی تھی جس میں نیپرا کو فریق بنایا گیا تھا۔
عدالت نے پٹیشنر رضوان الٰہی ایڈووکیٹ کی پٹیشن بطور شکایتی درخواست بھی نیپرا کو بھیجنے کا حکم جاری کیا۔

مزید پڑھیں:  پیپلز پارٹی فوجی عدالتوں کے حق میں نہیں، بلاول بھٹو