پی ٹی آئی کور کمیٹی

پی ٹی آئی کور کمیٹی کا عمران خان اور بشریٰ بی بی کی فوری رہائی کا مطالبہ

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کی کور کمیٹی نے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی فوری رہائی کا مطالبہ کردیا ۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی کورکمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف عدت کیس کے فیصلے کے ایک نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔
شرکا نے بانی چیئرمین اور بشری بی بی کی عدت مقدمے میں بریت کو حق اور سچ کی فتح قرار دیا۔
کورکمیٹی نے تمام مقدمات میں بریت کے بعد بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بریت کے احکامات کے بعد جبراً قید میں رکھنے کی کوشش کی گئی تو ملک گیر مزاحمت کریں گے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے قانون اور انصاف کا راستہ اختیار کرتے ہوئے عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹایا۔
کور کمیٹی اجلاس میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کے جھوٹے مقدمات اور بشری بی بی کی توشہ خانہ مقدمے میں گرفتاری کی کوششیں گوارا نہیں کریں گے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ توشہ خانہ کو چوتھی بار بالکل غیرقانونی طریقے سے استعمال کیا جارہا ہے، بشریٰ بی بی کا اس معاملے سے بالواسطہ یا براہِ راست کوئی تعلق نہیں۔
کمیٹی نے مزید کہا کہ مینڈیٹ چور اور ان کے سرپرست بانی پی ٹی آئی کو جبرا انتقام کے نشانے پر رکھنا چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو رہا نہ کیا گیا تو عوام کی عدالت سے رجوع کریں گے۔

مزید پڑھیں:  ہم اپنی توہین برداشت نہیں کرینگے،چیف جسٹس پی ٹی آئی وکیل پربرہم