خیبرپختونخوا حکومت

خیبرپختونخوا حکومت کا نیب کیخلاف عدالت جانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا حکومت نے نئے توشہ خانہ کیس پر نیب کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت کے معاون خصوصی برائے اینٹی کرپشن مصدق عباسی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ عدت میں نکاح کیس کی طرح توشہ خانہ کیس بھی بے بنیاد ہے، ایک جیسے کیسز کو الگ الگ چلا کر بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھا جا رہا ہے۔
مصدق عباسی کا کہنا تھا توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو گرفتار کیا گیا، فرد جرم یہ ہے کہ تحائف توشہ خانہ کے ذریعے نہیں لیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بھی فرد جرم عائد کی گئی کہ تحائف کے قیمت کم لگائی گئی اور تحائف کے ریکارڈ کو تبدیل کیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں عدالت نے سزا سنائی تھی جسے بعد میں دوسری عدالت نے ختم کرتے ہوئے دونوں کو کیس سے بری کر دیا تھا۔
گزشتہ روز ایڈیشنل سیشن عدالت اسلام آباد نے عمران خان اور بشری بی بی کو عدت میں نکاح کیس میں دی گئی سزائیں معطل کرتے ہوئے دونوں کو بری کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزید پڑھیں:  پشاور: خیبرپختونخوا میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کردی گئی