عمران خان کے اعتراف

عمران خان کے اعتراف پر حیرانی نہیں ہوئی ،مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک: سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کے9مئی کال سے متعلق اعتراف پر حیرانی نہیں ہوئی ،یہ اعتراف نہیں سزا دینے کا وقت ہے۔
سینئر وزیر پنجاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج کی کال دیکر کہتے ہیں جا ؤکوئٹہ میں چھانی پر حملہ کردو، پر امن احتجاج کی کال دی اور کہا جی ایچ کیو پر حملہ کردو، پر امن احتجاج کی کال دی اور کہتے ہیں جا ؤایم ایم عالم کا جہاز گرادو۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اعتراف کیا ہے کہ 9مئی کی کال میں نے دی تھی، بانی پی ٹی آئی کے9مئی کال سے متعلق اعتراف پر حیرانی نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا ہے کہ2014سے ایک شخص نے اپنے عمل کے ذریعے ریاست پر چڑھائی کی، جنگی حالات میں بھی کبھی سرکاری ٹی وی پر حملہ نہیں ہوا، 2014کے دھرنے میں حکومت کے خلاف ڈی چوک پر قبریں کھودی گئیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عارف علوی نے چڑھائی کرنے کا کہا،سپریم کورٹ کے باہر گندے کپڑے دھوئے گئے،منتخب وزیراعظم کو گلے سے پکڑ کر باہر نکالنے کا کہا جاتا رہا،2018 میں آرٹی ایس بٹھا کر اسی شخص کو مسلط کیاگیا،یہ شخص ملک کو ڈیفالٹ کرکے چلا گیا پھر آئی ایم ایف کو خط لکھا کہ مدد نہ کرو۔
سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ یہ ڈیجیٹل دہشتگردی سے باہر بیٹھے نمائندوں کے ذریعے ملکی اداروں پر چڑھ دوڑے، ان کے دور میں عوام مہنگائی کارونا روتے تھے، چینی کیلئے قطاریں لگتی تھیں، ان کے دور میں ملک کو 4ٹکڑوں میں تقسیم اور جلانے کی باتیں کی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ زمان پارک میں پولیس گرفتاری کیلئے وارنٹ لیکر جاتی تھی تو ہاتھ اوپر ہوتے تھے، بانی پی ٹی آئی عمران خان عدالتی حاضری کے حکم نامہ پر لشکر لیکر عدالت گئے، زمان پارک دہشتگردی کا اڈا بنا ہوا تھا، بانی پی ٹی آئی نالائقی،نااہلی کی وجہ سے ملک کو بھوکا کرکے چلا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا مجھے ہاتھ لگایا تو سخت ری ایکشن آئے گا، کہتے ہیں ان کا سوشل میڈیا کا سینٹر بند کردیاگیا، کہتے ہیں ہمارے پاس احتجاج کا جمہوری حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنوں نے رینجرز،ایمبولینس کی گاڑیاں جلائیں، کیا ریاست پر حملہ کرنا انقلاب ہے؟، سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کو گڈ ٹو سی یو کہا جاتا ہے، پاکستان کے دوسرے کسی مجرم سے یہ باتیں نہیں کی جاتیں، توشہ خانہ کیس میں کہا میری گھڑی میری مرضی، خاتون جج کو کہتا ہے میں تمہیں چھوڑوں گا نہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کہتے ہیں 190 ملین پاؤنڈز سے نوجوانوں کی تعلیم کیلئے ٹرسٹ بنایا، سارے ریفرنسز جمع ہوچکے ہیں، اسی پر تحقیقات جاری ہیں، موصوف تحقیقات کیلئے تیار نہیں ہیں، اللہ کا شکر ہے موصوف نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔

مزید پڑھیں:  25اکتوبرکے بعد آئینی ترامیم میں مشکلات ہوں گی، بلاول بھٹو