معروف اداکار سردار کمال انتقال

معروف اداکار سردار کمال انتقال کر گئے، شوبز ستاروں کا اظہار افسوس

ویب ڈیسک: پاکستان کے معروف اداکار سردار کمال انتقال کر گئے، ان کے انتقال پر ملکی شوبز ستاروں کی جانب سے اظہار افسوس کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کے سٹیج، ٹی وی اور فلم اداکار سردار کمال حرکت قلب بند ہو جانے کی وجہ سے لاہور میں خالق حقیقی سے جا ملے۔
اہلخانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 58 سالہ اداکار سردار کمال کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا، آنجہانی اداکار نے 2 بیٹے اور ایک بیٹی کو سوگوار چھوڑے۔
یاد رہے کہ سردار کمال نے درجنوں فلموں، ٹی وی اور سٹیج ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے کئے، ان کے انتقال پر فلمی اور سماجی حلقوں نے گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔
معروف کامیڈین سردار کمال کے انتقال پر افسوس کا اطہار کرتے ہوئے اداکار عمران اشرف نے کہا کہ میرے پاس کہنے کو اس سے زیادہ کچھ نہیں کہ ہم نے گوہر نایاب کھو دیا، مرحوم میرے قریبی دوست تھے۔
ریمبو کے نام سے مشہور اداکار افضل خان کا کہنا تھا کہ سردار کمال کی وفات سے بڑا صدمہ پہنچا، ان کے ساتھ فنکار سے پہلے بھائیوں اور دوستوں والا تعلق تھا، میں پہلی فلم سے لے کر آخری شو تک ان کیساتھ رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ آنجہانی اداکار سردار کمال بڑے نفیس اور پیار کرنے والے انسان تھے، اللہ تعالیٰ ان پر رحم فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔
کامیڈین ہنی البیلا نے کہا کہ سردار کمال کی اچانک موت کا بہت زیادہ دکھ ہے، ہم ان کو بہت مس کر رہے ہیں، اللہ پاک ان کو جنت الفردوس میں جگہ عطا کرے۔
معروف کامیڈین اور میزبان افتخار ٹھاکر نے کہا کہ سردار کمال کا انتقال سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ کبھی پر نہیں ہو سکے گا، یہ انتہائی دکھ کی گھڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف فنکار ہی نہیں استاد بھی تھے، ہم نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سردار کمال فلم، ٹیلی ویژن اور تھیٹر کے حوالے سے میرے پسندیدہ فنکار تھے۔
پاکستان کی نامور اداکارہ ریشم نے سردار کمال کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے سردار کمال کے ساتھ فلموں اور ڈراموں میں بھی بہت کام کیا ہے، وہ ایک بہت ہی باکمال انسان تھے۔

مزید پڑھیں:  4رکنی بینچ آرٹیکل63 اے سے متعلق نظرثانی کیس نہیں سن سکتا