شبلی فرازکا نام ای سی ایل

عدالت کا شبلی فرازکا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم

ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فرازکا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیدیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے شبلی فراز کی بیرون ملک جانے پر پابندی سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی، اس دوران شبلی فراز اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل درخواست گزار نے سماعت کے دوران موقف اپنایا کہ شبلی فراز پر 4 ایف آئی آرز ہیں اور وہ سب میں ضمانت پر ہیں۔
سماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ اب کیا گراؤنڈ ہے؟
سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ جو عدالت حکم کرے گی ہم اس پر عمل کریں گے۔
اس موقع پر جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیئے کہ وزارت داخلہ سمیت ڈی جی پاسپورٹس عدالت کو مطمئن کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک ہفتے میں شبلی فرازکا نام ای سی ایل سے نکال کر عدالت میں رپورٹ پیش کی جائے۔ اس کے ساتھ ہی ڈی جی پاسپورٹ اور ڈی جی ایف آئی اے کو بھی ان احکامات پر عملدرآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔

مزید پڑھیں:  آرٹیکل 63اے کی تشریح سے متعلق نظرثانی اپیلوں پر سماعت آج پھر ہوگی