متنی میں‌2 دوستوں کے قتل

متنی میں‌2 دوستوں کے قتل کا ڈراپ سین، ساتھی قاتل نکلا

ویب ڈیسک: متنی میں‌2 دوستوں کے قتل کا ڈراپ سین، ساتھی قاتل نکلا، پولیس نے اندھے قتل کی واردات میں ملوث اصل ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے نواحی علاقے متنی میں 2 جوانسال دوست اپنے ہی گاﺅں کے ساتھی کے ہاتھوں قتل ہوئے، پولیس نے اندھے قتل کی واردات میں ملوث اصل ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا۔
ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران واردات کو ذاتی رنجش کا شاخسانہ قرار دیا۔
ایس پی صدر محمد زمان خان نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ مدعی ملک زادہ ساکن مہابت خیل ادیزئی نے تھانہ متنی پولیس کو 24 جولائی کو24سالہ بیٹے کاشف خان اور اس کے 25سالہ دوست ہارون ولدنور حبیب کے قتل کی رپورٹ درج کی۔
ان کی نعشیں پاسنی اراضیات سے برآمد ہوئی تھیں، پولیس کی تفتیشی ٹیموں نے مختلف پہلوﺅں پر تفتیش کی اورمقتولین کے موبائل ڈیٹا سمیت دیگر شواہد کی روشنی میں وہ قاتل تک پہنچے جو مقتول کاشف کے علاقے ادیزئی کا رہائشی ہے۔
گرفتار ملزم عمر عرف حجاج ولد بختیار ساکن ادیزئی نے کلاشنکوف سے فائرنگ کرکے دونوں کی جانیں لیں۔ ملزم سے کلاشنکوف بھی برآمد کرلی گئی۔
متنی میں‌2 دوستوں کے قتل کے حوالے سے ایس پی نے مزید بتایاکہ گرفتار ملزم انتہائی شاطر تھا جو جرم کو چھپانے کیلئے مقتولین کے موبائل فونز بھی ساتھ لے گیا اور انہیں توڑ کر کنویں میں پھینک دیا، اس کی نشاندہی پر کنوئیں سے موبائل فون برآمد کر لئے گئے۔ ملزم واردات کے بعد گاﺅں میں ہی موجود تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم کو عدالت میں پیش کرکے اس کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔
ورثاء کے مطابق کاشف نے سول انجینئرنگ کی تھی اور وہ بیرون ملک جاناچاہتا تھا جبکہ مقتول ہارون واقعہ سے چند روز قبل مسقط سے واپس آیا تھا جس کی شادی کی تیاریاں ہو رہی تھیں۔

مزید پڑھیں:  آئی ایم ایف شرائط: خیبرپختونخوا حکومت نے قومی مالیاتی معاہدے پر دستخط کردیئے