خیبر پختونخوا اسمبلی

خیبر پختونخوا اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، حکومتی و اپوزیشن ارکان الجھ پڑے

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوااسمبلی میں عمران خان کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر حکومتی اور اپوزیشن اراکین میں جھڑپ ،ایوان میدان جنگ میں تبدیل ہو گیا ۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر کی زیر صدارت ہوا جہاں پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے رکن اقبال وزیر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کئے جس پر حکومتی اراکین نے شور شرابا شروع کیا اور ان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔
حکومتی رکن ملک لیاقت اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے رکن اقبال وزیر کے مابین تلخ کلامی کے بعد بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی ۔
ایک دوسرے کے ساتھ گتھم گتھا ہو گئے جبکہ ارکان کے درمیان گالم گلوچ بھی ہوئی اس دوران دیگر ارکان نے بیچ بچائو کرایا ۔
ہنگامہ آرائی کے بعد سپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایوان میں سب کو ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہئے ایسے واقعات سے ایوان کا تقدس پامال ہوتا ہے ۔
سپیکر نے مزید کہا کہ ہماری اسمبلی افہام و تفہیم سے چلانے کی روایت ہے اگر یہی رویہ رہا تو ان کی معطل کر دیں گے ۔
اس موقع پر حکومتی رکن ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ اقبال وزیر کو ایسی زبان استعمال نہیں کرنی چاہئے تھی انہیں چھوڑیں گے نہیں ۔
سپیکر بابر سلیم نے اپنی رولنگ میں مزید کہا کہ تمام سیاسی قائدین کا احترام ہونا چاہئے اگر ایسی ہی باتیں کرنی ہیں تو پھر اس اسمبلی کی ضرورت ہی نہیں۔

مزید پڑھیں:  کرم میں مستقل امن کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا مطالبہ زور پکڑنے لگا