اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر قرارداد

اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر قرارداد سینیٹ اجلاس میں متفقہ طور پر منظور

ویب ڈیسک: حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر قرارداد سینیٹ اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
ذرائع کے مطابق سینیٹر پلوشہ خان کی جانب سے پیش کی جانیوالی قرارداد میں صیہونی حملے میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔
سینیٹر پلوشہ خان کی پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان اسرائیلی حملوں میں فلسطینیوں کی شہادت اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل ایک بین الاقوامی دہشت گرد ریاست کا روپ دھار چکا ہے، پاکستان سمیت تمام ممالک، او آئی سی اور اسلامی ممالک کو متحد ہو کر اسرائیل کی دہشت گرد کارروائیوں کو روکنا ہوگا۔
سینیٹر پلوشہ خان کی پیش کردہ قرارداد میں بتایا گیا ہے کہ اسلامی ممالک کو فوری غزہ کا محاصرہ ختم کرانا ہوگا تاکہ محصور نہتے اور مشکلات کا شکار فلسطینیوں تک ہنگامی امداد پہنچائی جا سکے۔
سینیٹ میں متفقہ طور پر منظور ہونیوالی قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا ہے اسلامی ممالک متحد ہوں تاکہ غزہ پر ہونے والی بمباری اور صیہونی بربریت کو فوری روکا جا سکے۔
یاد رہے کہ سینیٹ اجلاس میں‌اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر قرارداد سینیٹر پلوشہ خان کی جانب سے پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا.

مزید پڑھیں:  نوشہرہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق