عمران خان سے سہولیات واپس

عمران خان سے جیل میں سہولیات واپس لینے کی خبروں کی تردید

ویب ڈیسک: اڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سے سہولیات واپس لینے کی خبروں کی تردید کردی ہے ۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل مینوئل کے مطابق تمام سہولیات دستیاب ہیں، جیل میں انکی سکیورٹی اور صحت کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ایک انگریزی اخبار روزانہ دیا جاتا ہے اور ان کے پڑھنے کیلئے کتابیں بھی دستیاب ہیں، ورزش کیلئے مشین اور واک کیلئے جگہ بھی دستیاب ہے۔
سپرنٹنڈنٹ جیل کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو کھانے کیلئے علیحدہ کچن دیا گیا ہے۔
سکیورٹی کیلئے عملہ ہر وقت موجود رہتا ہے، بانی پی ٹی آئی کو پڑھنے کیلئے کتابیں بھی دستیاب ہیں۔
ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کے سیل میں گٹر کھلا ہونے کی خبروں میں صداقت نہیں ہے، بشریٰ بی بی کے سیل میں چوہوں کی موجودگی کی خبروں میں بھی صداقت نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو ہفتے میں دو دفعہ فیملی، وکلا اور سیاسی ملاقاتوں کی اجازت ہے۔
جیل سپر نٹنڈنٹ نے مزید بتایا کہ جیل میں سماعت کے موقع پر بھی بانی پی ٹی آئی ملاقاتیں کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو ٹیلی ویژن کی سہولت بھی دستیاب ہے۔

مزید پڑھیں:  جبالیہ میں سکول پر اسرائیلی بمباری ، 15 فلسطینی شہید