ٹھیکیدار کے اغوا کی کوشش

پشاور، ٹھیکیدار کے اغوا کی کوشش میں سی ٹی ڈی پنجاب کا مبینہ اہلکار گرفتار

ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت پشاور کے پوش علاقے یونیورسٹی ٹاؤن میں شہری کے اغوا کی کوشش رشتہ داروں اور دوستوں نے ناکام بنا دی، تاہم اس دوران سی ٹی ڈی پنجاب کا ایک مبینہ اہلکار گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نامعلوم افراد خود کو سی ٹی ڈی پنجاب کے اہلکار ظاہر کر کے ویگو گاڑی میں ایک شہری پیر محمد ٹھیکیدار کو ان کے دفتر سے اغوا کرنے علی الصبح پہنچے۔
اس موقع پر موجود شہری کے دوستوں اور رشتہ داروں نے ان کے اغوا کی کوشش کو ناکام بنا دیا بلکہ الٹا انہوں نے اغوا کاروں میں سے ایک کو دھر لیا۔
اس کے بعد انہیں ایک نامعلوم نمبر سے ایک کال موصول ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ ایس ایس پی ہیں، جس میں کہا گیا کہ پکڑا گیا فرد ان کا افسر ہے اور اسے رہا کیا جائے۔
اس موقع پر شہریوں نے درخواست مسترد کرتے ہوئے اغوا کار کو پشاور پولیس کے حوالے کر دیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات گنڈاپور نے ٹاؤن سے شہری کو اغوا کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب سی ٹی ڈی اہلکار کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کر لیا۔
گرفتار کئے گئے شخص نے اس دوران انکشاف کیا کہ خیبر پختونخوا سے کئی افراد اٹھا چکے ہیں۔
سی ٹی ڈی پنجاب بغیر اجازت آ کر پشاور میں ٹھیکیدار پیر محمد کو اٹھا رہی تھی کہ ان کے گارڈزنے پوری سی ٹی ڈی ٹیم کو پکڑ لیا۔
یونیورسٹی ٹائون سے غیر قانونی طور شہری کو اغوا کرنے کا مقدمہ رات گئے تھانہ ٹائون پشاور میں درج کر لیا گیا، مقدمہ میں سی ٹی ڈی فیصل آباد کی ٹیم کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی پشاور کے مطابق شہری کسی قسم کے مقدمے میں مطلوب نہیں تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ ٹاؤن کی حدود میں سی ٹی ڈی پنجاب کے اہلکاروں کی کاروائی کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے، جس میں انہوں نے مقامی ٹھیکیدار پیر محمد خان کو اٹھانے کی کوشش کی۔
سی ٹی ڈی اسسٹنٹ سب انسپکٹر اتل خان نے اس حوالے سے موقف اپنایا کہ ٹارگٹ پکڑنے کیلئے فیصل آباد سے پشاور آئے تھے۔
سی ٹی ڈی اہلکار کا کہنا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے خلاف آپریشنز کے تحت مشکوک لوگوں کو اٹھاتے ہیں۔
ٹھیکیدار کے بھائی تاج محمد آفریدی نے کہا کہ کالے رنگ کی ویگو میں سوار 4 مسلح افراد نے ہمارے بھائی کو اغوا کرنے کی کوشش کی، اغوا کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک اہلکار کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ خود کو سرکاری اہلکار ظاہر کرنے والوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے، ہم نے سی ٹی ڈی کے اہلکار کو پکڑ کر تلاشی پر متعدد کارڈز برآمد کئے۔
ایس ایس پی اپریشنز کاشف ذوالفقار کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ زیر حراست سی ٹی ڈی فیصل آباد پولیس کا اہلکار ہے، پولیس کو اطلاع دئیے بغیر اہلکاروں نے ٹھیکیدار کو اٹھانے کی کوشش کی، زیر حراست سی ٹی ڈی اہلکار کے خلاف قانونی کارروائی کر کے ایف آئی آر درج کر لی ہے۔
آئی جی پی اخترحیات خان کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں، جو بھی ایسی غیر قانونی کارروائیوں میں ملوث پایا گیا تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ پشاور سمیت تمام صوبوں سے آنے والے پولیس، سی ٹی ڈی والے قانون فالو کر کے آئیں تو ہم انہیں سپورٹ کریں گے لیکن قانونی دستاویزات مکمل اور اجازت نامہ ساتھ ہونا چاہئے۔
ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار کے خلاف سی ٹی ڈی کا کوئی کیس رجسٹرڈ نہیں، لگتا ہے کہ ذاتی مقاصد کے لئے شہری کو اٹھانے کی کوشش کر رہے تھے۔

مزید پڑھیں:  ضلع کرم میں 9روز سے پاراچنارٹل شاہراہ، پاک افغان خرلاچی بارڈر بند