خیبر پختونخوا سے قافلے روانہ

خیبر پختونخوا سے قافلے روانہ، اٹک پل کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا

ویب ڈیسک: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے آج ہونے والے جلسے کے لئے خیبر پختونخوا بھر سے قافلے روانہ ہوگئے جس کے بعد نوشہرہ کے مقام پر اٹل پل کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقہ سنگجانی کے مقام پر جلسے کے حوالے سے پی ٹی آئی کارکنوں میں جوش و خروش سے منایا جارہا ہے ۔
اس سلسلے میں خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے پارٹی رہنمائوں اور ممبران اسمبلی کی قیادت میں کارکنوں کے قافلے جلسے میں شرکت کے لئے روانہ ہو چکے ہیں ۔
ہری پور سے قائد حزب اختلاف عمرایوب خان کے حلقے سے ترنول سے جلسے کیلئے ریلیوں کی روانگی شروع ہو گئی جبکہ تحصیل خانپور تحصیل غازی سے بھی قافلے روانہ ہو چکے ہیں ۔
ہری پور سے جانے والے قافلوں کی قیادت صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب خان اور ایم پی اے اکبر ایوب خان کررہے ہیں ۔
باجوڑسے پی ٹی آئی کا بڑا قافلہ سابق صوبائی وزیر انور زیب خان کی قیادت میں روانہ ہوا جس میں سینکڑوں گاڑیوںمیں ہزاروں کارکنان موجود تھے ۔
چارسدہ سے پی ٹی آئی کور کمیٹی کے ممبر فضل محمد خان اور ایم پی اے ارشد عمر زئی کی قیادت میں بڑا جلوس نکل پڑا ۔
قافلے میں شریک کارکنان کی جانب سے زبردست نعرے بازی کی جارہی تھی ۔
اسی طرح کاٹلنگ کے حلقہ پی کے 54سے ایم پی اے و ڈیڈک چیئرمین زرشاد کی قیادت میں بڑا قافلہ جلسے میں شرکت کیلئے روانہ ہو ا ۔
ضلع ہنگو سے بھی پی ٹی آئی کے ممبر قومی اسمبلی یوسف خان ہائوس سے اسلام آباد کے لئے قافلہ روانہ ہوا جس کی قیادت ایم این سے یوسف خان جبکہ ایم پی اے شاہ تراب سمیت بڑی تعداد میں کارکنان شریک ہیں ۔
قبل ازیںاسلام آباد روانگی سے قبل پی ٹی آئی کی جانب سے صوابی انٹرچینج پر استقبالیہ کیمپ لگایا گیا تھا ۔
جہاں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے سرکاری مشینری دی گئی تھی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے قافلوں کو روکنے کے لئے خیبر پختونخوا سے پنجاب کو ملانے والے اٹک پل کو کنٹینرز لگا کر ہر قسم ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ۔
اٹل پل کوبند کرکے پنجاب پولیس اور رینجرز کو تعینات کردیاگیا ہے جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطریں لگ گئیں ۔
اٹک سے نوشہرہ اور خیر آباد سے کامرہ جانے والے مقامی محنت کشوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

مزید پڑھیں:  یمنی افواج کا امریکی بحریہ کے جہازوں پر بڑا حملہ