کارکنوں اور پولیس میں تصادم

پی ٹی آئی کارکنوں اورپولیس میں تصادم،متعدد اہلکار زخمی،ایف سی طلب

ویب ڈیسک: اسلام آباد میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا پتھراؤ سے ایس ایس پی سیف سٹی سمیت متعدد اہلکار زخمی ہو گئے جس کے بعد ایف سی کو طلب کیا گیا ۔
26 نمبر چونگی پر جلسے میں آنے والے پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے جاری کردہ روٹ کی خلاف ورزی کی گئی۔
پولیس کے روکنے پر جلسے کے شرکا نے پتھرا ؤکیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پولیس موبائل اور پولیس وین پر بھی حملہ کیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھرا ؤ سے متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، پولیس کی جانب سے بھی جوابی شیلنگ کی گئی۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ روٹ کی خلاف ورزی کرکے آنے والے شرکا نے پولیس اہلکاروں پر شدید پتھراؤ کیا، پتھرا ؤسے ایس ایس پی سیف سٹی اور متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
حالات پر قابو پانے کے لیے اسلام آباد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری طلب کی گئی جس کے بعد حالات پر قدرے قابو پالیا گیا۔
26 نمبر چونگی پر انتطامیہ نے ایف سی اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی ہے۔
پی ٹی آئی جلسے کے شرکا کی جانب سے اسلام آباد پولیس پر بلا اشتعال پتھراؤپر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےآئی جی اسلام آباد پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمی ایس ایس پی شعیب خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجیکی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
خیال رہے کہ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے آج پی ٹی آئی کو جلسے کی مشروط اجازت دی گئی تھی جس کے تحت جلسہ7 بجے تک ختم کرنا تھا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق جلسہ منتطمین نے این او سی کے قواعد و ضوابط کیخلاف ورزی کی ہے، پولیس کو کارروائی کے احکامات جاری کردیے ہیں اور جلسہ منتظمین کو بھی کارروائی سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے جلسہ گاہ فوری خالی کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے صدر پی ٹی آئی اسلام آباد عامر مغل کو اس حوالے سے لیٹر جاری کردیا ہے۔

مزید پڑھیں:  حزب اللہ نے حسن نصر اللہ کی شہادت کی تصدیق کر دی