آرٹیکل 6کے تحت مقدمہ

چیف الیکشن کمشنر کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت مقدمہ دائر ہوناچاہئے ،بیرسٹر سیف

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے تناظر میں چیف الیکشن کمشنر کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت مقدمہ دائر ہوناچاہئے ۔
سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کے تفصیلی فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن فی الفور مخصوص نشستوں کا نوٹیفیکشن جاری کرے ۔
انہوں نے کہا کہ تفصیلی فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کے پاس اگر مگر کی آپشن باقی نہیں رہی،عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کے یکم مارچ کے فیصلے کو آئین سے متصادم قرار دیا ہے ۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ آئین کی خلاف ورزی پر چیف الیکشن کمشنر کے خلاف کاروائی ہونی چاہئے اور ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ دائر ہوناچاہئے ۔
انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کے حکم نہ ماننے پر وزیراعظم اور الیکشن توہین عدالت کے مرتکب ہوئی ہے۔
بیرسٹر سیف کے مطابق تفصیلی فیصلے میں پی ٹی آئی کی بطور سیاسی جماعت وضاحت دی گئی ہے،جعلی حکومت کا پی ٹی آئی کے خاتمے کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں تمام تر فساد کی جڑ الیکشن کمشنر ہے، الیکشن کمشنر قوم کا مجرم ہے ان سے پورا پورا حساب لیا جائے گا ۔

مزید پڑھیں:  یکم اکتوبر سے نان فائلرز کیخلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ