گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب میں اختلافات

وی سیز کی تقرری : گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب میں اختلافات بڑھ گئے

ویب ڈیسک: گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب کے درمیان صوبے کی 13جامعات میں وائس چانسلرز کی تقرری کے معاملے پر اختلافات مزید بڑھ گئے ہیں ۔
ذرائع گورنر ہاؤس کے مطابق گورنر پنجاب نے وی سیز کی تقرری کی سفارشات مسترد کرکے واپس بھجوا دیں جس پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی منظوری سے 13میں سے 7وی سیز کی تقرری کردی گئی ہے۔
ذرائع کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ گورنر کی منظوری کے بغیر 7یونیورسٹیز کے وائس چانسلر کا تقرر کیا گیا۔
گورنر پنجاب نے سفارشات مسترد کرتے ہوئے کچھ اعتراضات بھی اٹھائے، وائس چانسلر کے پینل بنانے کا عمل ٹھیک نہیں تھا، دوبارہ جائزہ لیں۔
وائس چانسلر کے پینل بنانے میں صحت مندانہ مقابلہ دیکھنے میں نہیں آیا، وزیراعلیٰ کی جانب سے پینل بھیجا جاسکتا ہے، سلیکشن نہیں کی جاسکتی۔
ذرائع گورنر ہاؤس نے کہا کہ وائس چانسلر تقرر کرنے کا اختیار گورنر کو حاصل ہے، وائس چانسلر کے پینل بنانے میں شفافیت تھی، کابینہ کی منظوری کے بعد وی سی کی سلیکشن کی گئی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ ہاؤس کے ذرائع نے کہا کہ گورنر کا کام صرف دستخط کرنا ہے، سمری واپس نہیں بھیج سکتے، وائس چانسلر کا تقرر وزیراعلیٰ کی منظوری سے قانون کے مطابق ہے۔
علاوہ ازیں پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کو وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی، پروفیسر شاہد منیر کو وائس چانسلر انجینئرنگ یونیورسٹی لاہور اور پروفیسر عاکف انور کو وی سی یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور تعینات کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  مولانا عطاء الرحمان جمعیت علمائے اسلام خیبر پختونخوا کے بلا مقابلہ امیر منتخب