لبنان پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری

لبنان پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری،شہداء کی تعداد700سےبڑھ گئی

ویب ڈیسک: لبنان پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری ہے جس کے نتیجے میں شہداء کی تعداد 700سے بڑھ گئی جبکہ 1800سے زائد زخمی ہو گئے ۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی وحشیانہ بمباری اور حملوں سے بچنے کیلئے سینکڑوں لبنانی شہریوں نے نقل مکانی کی جبکہ لبنان میں تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند کردیئے گئے۔
دوسری جانب حزب اللہ نے بھی اسرائیل حملوں کے جواب میں بھر پور حملے کرتے ہوئے 300سے زائد راکٹ داغ دیئے۔
حزب اللہ کی جانب سے حملوں میں اسرائیل کے فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
امریکا، چین اور برطانیہ نے اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدایت کردی جبکہ کئی ممالک کی ایئر لائنز نے تل ابیب اور بیروت کیلئے پروازیں روک دیں۔
لبنانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارے بچاؤ کیلئے امریکا کا کردار اہم ہے، ماضی کی مایوسیوں کے باوجود امریکا کی مدد درکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ لبنان سے جنگ کے نتیجے میں اسرائیلیوں کی گھروں کو واپسی میں مدد نہیں ملے گی۔

مزید پڑھیں:  مایوسی پھیلانے والے عناصر شکست کھا چکے ہیں، آرمی چیف