اسرائیل کیخلاف کارروائیاں بڑھانے

حزب اللہ سربراہ کا اسرائیل کیخلاف کارروائیاں بڑھانے کا اعلان

ویب ڈیسک:حزب اللہ کے عبوری سربراہ اور ڈپٹی چیف نعیم قاسم نے اسرائیل کیخلاف کارروائیاں بڑھانے کا اعلان کردیا ہے ۔
نعیم قاسم نے اپنے پہلے خطاب میں مقاصد سے پیچھے نا ہٹنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنا لیڈر اور بھائی کھویا ہے جو اپنے فائٹرز سے پیار کرتے تھے۔
حزب اللہ ڈپٹی چیف نے کہا کہ ہم دیر کرنے کے بجائے جلد طریقہ کار کے مطابق اپنے نئے سربراہ کا انتخاب کریں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم لبنان کی حفاظت اور غزہ کی حمایت کے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل کے اندر 150کلومیٹر حملے کرتے رہے ہیں، حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد بھی ہماری کارروائیاں جاری رہیں گی اور ان میں اضافہ ہوگا۔
نعیم قاسم نے واضح کیا کہ اگر اسرائیل لبنان میں زمینی کارروائی کرتا ہے تو ہم اس کے لیے تیار ہیں۔
حزب اللہ کے عبوری سربراہ نے مزید کہاکہ اسرائیل اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگا اور ہم جیتیں گے جس طرح ہم 2006 کی لڑائی میں اسرائیل سے جیتے تھے۔
واضح رہے کہ سیکرٹری جنرل حزب اللہ حسن نصراللہ کی اسرائیلی حملے میں شہادت کے بعد نعیم قاسم کو تنطیم کا عبوری سربراہ بنایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  فلسطین کے دو ریاستی حل کی بات امریکہ و اسرائیل کو خوش کرنا ہے،حافظ نعیم