پی ٹی ایم کیمپ پر پولیس کارروائی

پی ٹی ایم کیمپ پر پولیس کارروائی،خیبرپختونخواحکومت نےملبہ وفاق پرڈال دیا

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا حکومت نے پشتون تحفظ موومنٹ ( پی ٹی ایم ) کے کیمپ پر پولیس کی کارروائی کا سارا ملبہ وفاق پرڈال دیا ۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے اس حوالے سے کہا ہے کہ گزشتہ رات پشتون تحفظ موومنٹ کے کیمپ پر پولیس کارروائی وفاقی حکومت کے احکامات پر کی گئی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ وفاقی وزارت داخلہ نے چیف سیکرٹری کو پی ٹی ایم کے حوالے سے خط لکھا اور کہا کہ پی ٹی ایم ریاست مخالف بیانیہ اور نسلی منافرت میں ملوث ہے اس لئے انکے خلاف کارروائی کی جائے۔
انہوں نے گزشتہ دنوں پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین سے طویل ملاقات کی تھی جس انکے مطالبات پر تفصیلی گفتگو ہوئی تھی۔
ملاقات میں سربراہ پی ٹی ایم منظور پشتین نے اپنے مطالبات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی تھی۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ علی امین گنڈاپور قبائلی علاقوں کی ترقی کے لئے انقلابی اقدامات اٹھارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے منظور پشتین کو ضم اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کی یقین دہانی کرائی اور کہا تھا کہ صوبائی حکومت ضم اضلاع کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے جامع پلان پر کام کررہی ہے۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے قبائلی علاقوں میں مختلف النوع ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں تاکہ قبائلی علاقوں میں معاشی سماجی ترقی ہو۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ضم اضلاع میں قبائلی تنازعات کے حل کے لئے جرگے تشکیل دیے تاکہ تنازعات کا پرامن حل نکالا جائے۔

مزید پڑھیں:  تحریک انصاف احتجاج، پنجاب کے 6 اضلاع میں دفعہ 144 نافذ