جڑواں شہر سیل

پی ٹی آئی احتجاج کے باعث جڑواں شہر سیل، رینجرز طلب

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث جڑواں شہر سیل اور ملک بھر سے اسلام آباد اور راولپنڈی جانیوالے تمام راستے بند کر دیئے گئے۔ ادھر دفعہ 144 نافذ کر کے ہر قسم کے جلسے جلوسوں پر پابندی لگا دی گئِی۔
پی ٹی آئی احتجاج کے باعث خیبرپختونخوا سے قافلے ڈی چوک اسلام آباد جانے کیلئے تیار ہیں۔ صوبہ بھر سے پی ٹی آئی کے اراکین اور ورکرز سمیت عوام پرجوش انداز میں جلسے میں شرکت کرنے کیلئے تیار ہیں۔
خیبرپختونخوا کے قافلے ایم ون موٹروے پر جمع ہو کر صوابی جائیں گے، اور پھر وہیں سے آگے بڑہیں گے۔
قافلوں کی قیادت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کریں گے، اس موقع پر ورکروں کو بھرپور تیاری کیساتھ ڈی چوک جانے کی ہدایت کی گئی ہے، تاہم ادھر پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہر سیل کر دیئے گئے ہیں اور دفعہ 144 نافذ کر دیا گیا ہے۔
پارٹی حکام کا کہنا ہے کہ ہماری تیاری مکمل ہے، اور بھرپور تیاری کے ساتھ ڈی چوک پہنچیں گے، آنسو گیس ان کا خطرناک ترین ہتھیار تھا ، لیکن اس سے بچنے کے لیے ماسک اور دیگر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔
تیاریوں کے حولاے سے پارتی حکام کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کا تربیت یافتہ دستہ قافلوں سے پہلے جائے گا، نوجوانوں کا دستہ تمام رکاوٹوں کو بھاری مشینری سے کلیئر کرے گا۔
ادھر راولپنڈی اور اسلام آباد کی تمام اہم شاہراہیں تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر کنٹینرز لگا کر سیل کر دی گئی ہیں، فیض آباد پر کنٹینرز کی ڈبل لیئر جبکہ زیرو پوائنٹ پر 20 فٹ اونچی کنٹینرز وال کھڑی کر دی گئی ہے۔
سرینگر ہائی وے کو کئی مقامات پر سیل جبکہ زیرو پوائنٹ سے ریڈ زون میں داخلہ ناممکن بنا دیا گیا ہے، اسلام آباد ایکسپریس وے کو بھی کھنہ پل سے فیصل مسجد تک سیل کر دیا گیا ہے۔
ان پابندیوں کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت میں ہو کا عالم ہے، آج نجی سکول بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری طرف ان پابندیوں میں میٹرو بس سروس بھِی آ گئی، اس حوالے سے انتظامیہ نے راولپنڈی میں آج میٹرو بس سروس معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی ہدایت کے مطابق میٹرو بس سروس صدر سے آئی جے پی روڈ تک معطل رہے گی جبکہ آئی جے پی روڈ سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس بحال رہے گی۔
اس کے علاوہ پنجاب بھر سے اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والی تمام سڑکیں بند کر دی گئی ہیں، لاہور میں موٹروے، رنگ روڈ، بابوصابو انٹرچینج، شاہدرہ سے پنڈی جانے والی سڑکوں پر بھی رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔
لاہور پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر کارکنان یہاں پہنچیں گے تو گرفتار کریں گے، کسی قسم کی بدتمیزی برداشت نہیں کریں گے۔
ادھر پنجاب کے 4 شہروں میں دفعہ 144 نافذ ہے اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر رینجر طلب کر لی گئی ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور، راولپنڈی، اٹک اور سرگودھا میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، حکومت پنجاب نے لاہور، راولپنڈی اور اٹک میں رینجر بھی طلب کر لی۔
دفعہ 144 کے تحت ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ راولپنڈی اور اٹک میں 4 اور 5 اکتوبر کیلئے رینجر کی 6 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں:  جنوبی وزیرستان میں نوجوان کی ذبح شدہ نعش برآمد