ملائیشیا کے وزیراعظم واپس روانہ

ملائیشیا کے وزیراعظم تین روز دورہ پاکستان مکمل کر کے واپس روانہ

ویب ڈیسک: ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم اپنا تین روزہ دورہِ پاکستان مکمل کرکے ملائیشیا روانہ ہوگئے ہیں ۔
وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور وزیرِ کامرس جام کمال خان نے ملائیشین وزیراعظم اور ان کے وفد کو نور خان ایئر بیس پر الوداع کیا۔
ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے دورے کے دوران پی ایم ہائوس اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
شہباز شریف اور انور ابراہیم نے پاکستان ملائیشیا بزنس فورم میں بھی شرکت کی، ملائیشیا کے وزیراعظم کو صدر پاکستان کی جانب سے نشان پاکستان سے بھی نوازا گیا۔
اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے مابین دیرینہ اور برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں، ملائیشیا کے وزیراعظم سے پاک ملائیشیا تعلقات کی مزید مضبوطی پر اتفاق ہوا، انور ابراہیم شاعر مشرق علامہ اقبال کے مداح ہیں جو پاکستان کیلئے فخر کی بات ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملائیشین وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم کے پاکستانی عوام اور حکومت کیلئے اچھے الفاظ اور نیک خواہشات کے تہہ دل سے مشکور ہیں، پاک ملائیشیا بزنس فورم میں دونوں ممالک کے مابین تجارت کے فروغ پر مثبت پیش رفت ہوئی، پاک ملائیشیا تجارت کے فروغ سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔

مزید پڑھیں:  بلاول بھٹو نانا کے آئین کو آگ لگانے جا رہے ہیں، شاہ محمود قریشی