پرویزالہٰی کی حاضری معافی کی درخواست

مبینہ غیرقانونی بھرتیوں کا کیس، پرویزالہٰی کی حاضری معافی کی درخواست دائر

ویب ڈیسک: پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیرقانونی بھرتیوں کا کیس اینٹی کرپشن کورٹ میں زیر سماعت رہا، اس دوران سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی کی حاضری معافی کی درخواست دائر کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیرقانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کر دی گئی۔
اینٹی کرپشن کورٹ کے جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت کی۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی جانب سے عامر سعید راں اور مختار احمد رانجھا ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، بھرتی ہونے والے افراد بھی بطور ملزم حاضری کیلئے پیش ہوئے۔
دوران سماعت وکلاء نے پرویزالہٰی کی حاضری معافی کی درخواست دائر کر دی۔
پراسیکیوشن نے کہا کہ ملزمان جان بوجھ کر کیس میں تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں، عدالت ملزمان کی ضمانت خارج کرنے کا حکم دے۔
عدالت نے پرویز الہٰی کے سابق پرنسپل سیکرٹری ملزم محمد خان بھٹی کو جیل سے عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ پرویز الہٰی اور دیگر پر پنجاب اسمبلی میں میرٹ کے برعکس بھرتیوں کا الزام ہے۔ اس حوالے سے اینٹی کرپشن کورٹ میں کیس زیر سماعت بھی ہے۔

مزید پڑھیں:  علی امین گنڈاپور کو عہدے سے ہٹانے کی اپیل ناقابل سماعت قرار