PM Imran Khan 7

کوروناوائرس سے شہید ہونیوالے طبی عملے کیلئے امدادی پیکج کی منظوری دیدی گئی

اسلام آباد:وفاقی کابینہ نے کوروناوائرس کی وبا میں فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے طبی عملے کے لئے امدادی پیکج کی منظوری دی ہے۔یہ فیصلہ اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیاگیا۔پیکج کے مطابق کوروناوائرس سے متعلق فرائض کی انجام دہی کے دوران جاںبحق ہونے والا کوئی بھی کارکن شہدا پیکج کے تحت سیکیورٹی فرائض کی ادائیگی کے دوران جاں بحق سرکاری ملازمین کوملنے والے پیکج کاحقدار ہوگا۔یہ پیکج اسلام آباد ، آزادجموں وکشمیر اورگلگت بلتستان کے لئے ہوگا۔وزیراعظم نے موجودہ صورتحال کے تناظر میں عام آدمی کے زیراستعمال ضروری اشیائے خوردونوش کی برآمدپربھی پابندی عائد کرنے کی ہدایت کی ۔کابینہ نے انکوائری کمیشن کی جانب سے چینی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق معاملے کی تحقیقاتی رپورٹ جمع کرانے کی مہلت میں توسیع کی درخواست بھی منظورکرلی۔وزیراعظم نے کہاکہ حکومت نے مالی وسائل پیدا کرنے کے لئے بڑے شہروں میں موجود سرکاری اراضی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ محنت کشوں کیلئے پہلے مرحلے میں پچھہترارب روپے کے امدادی پیکج کی منظوری دیتے ہوئے وزیراعظم نے سماجی بہبود کے معاون خصوصی اورصنعتوں کے وزیرکومزدوروں کوامدادکی فراہمی کے لئے جامع طریقہ کارتیار کرنے کی ہدایت کی۔کابینہ نے یہ اعلامیہ جاری کرنے کی تجویز کی منظوری دی کہ تقسیم یاترسیل کے ذریعے بجلی یاگیس فراہم کرنے والی تمام کمپنیاں کریڈٹ بیورو کی رکن ہوں گی اورکریڈٹ بیوروایکٹ مجریہ2015 کی رو سے معلومات فراہم کریں گی۔

مزید پڑھیں:  تاجروں کا ٹیکس نیٹ میں آنا ضروری، پنشن اخراجات کم کرینگے،وزیر خزانہ