کرم تا افغانستان ریلوے ٹریک کا سروے ہو چکا ہے، کورکمانڈر پشاور

کرم تا افغانستان ریلوے ٹریک کا سروے ہو چکا ہے، کورکمانڈر پشاور

ویب ڈیسک :کور کمانڈر پشاور حسن اظہر حیات نے کہا ہے کہ ضلع کرم کے راستے افغانستان تک ریلوے ٹریک بچھانے کیلئے سروے ہوگیا ہے، ضلعی انتظامیہ کو منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کمیٹی بنانے کی ہدایات کی ہے جبکہ طورخم کے بعد ضلع کرم کے خرلاچی ٹرمینل کو فعال بنانے کا کام شروع کیا جائے گا، پاراچنار میں قبائلی عمائدین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر پشاور الیون کور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے کہا کہ ضلع کرم قدرتی حسن کے ساتھ ساتھ معدنیات سے مالامال ہے اور یہاں سیاحت کے بہت سے مواقع ہیں جن سے استفادہ کرنے کے لئے اورکزئی کرم ٹورازم زون بنایا جا رہا ہے اور طورخم ٹرمینل پر کام ختم کرنے کے بعد خرلاچی افغان بارڈر ٹرمینل کو فعال بنایا جائے گا
جبکہ یہاں تجارت کے فروغ اور صحت سمیت تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ ضلع کرم کے عمائدین اور جوان مذہبی منافرت ختم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں، ایم پی اے سید اقبال میاں کے اورکزئی میں روحانی پیشوا میر انور شاہ کے مزار کی تعمیر اور زائرین کیلئے کھولنے کے مطالبے پر کور کمانڈر نے کہا کہ وہ عنقریب ضلع اورکزئی کا دورہ کریں گے اور اس مسئلے کا حل نکالا جائے گا جبکہ محکمہ اوقاف سے بھی مزار کی تعمیر کے حوالے سے بات چیت جاری ہے، کور کمانڈر کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کو عوامی مفاد اور امن کیلئے استعمال کیا جائے، عمائدین کے پیش کردہ حل طلب مسائل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں امن و بھائی چارہ ہو تو تمام مسائل جلد حل ہونگے، انہوں نے اراضی کے تنازعات آپس میں بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا اور کہا کہ اس حوالے سے گریڈ اٹھارہ کا آفیسر تعینات کیا جا رہا ہے جو یو ایس ایڈ کے تعاون سے سیٹلائیٹ کے ذریعے ڈی مارکیشن کرے گا۔

مزید پڑھیں:  دیربالا کے ڈوگ بازار میں آتشزدگی سے 10 دکانیں خاکستر