ایکسائز اہلکاروں کی گرفتاری

ایکسائز اہلکاروں کی گرفتاری، ایس ایچ او ذمہ دار قرار

ویب ڈیسک: پشاور ناردرن بائی پاس پرچمکنی پولیس کے ہاتھوں ایکسائز اہلکاروں کی گرفتاری معاملے کی تحقیقات مکمل کرلی گئی ہے جس میں ایس ایچ او تھانہ چمکنی کو ذمہ دار ٹھہرا دیا گیاہے جس کے بعد انہیں پولیس لائنز رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ، محکمہ ایکسائز اور محکمہ پولیس کے افسران پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم نے معاملے کی تحقیقات مکمل کرلی ہے ۔
واضح رہے کہ چند ہفتے قبل محکمہ ایکسائز کے 4باوردی اہلکاروں کو تھانہ چمکنی پولیس نے اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال کرنے کے الزام پر گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا تھا جس کے بعد ایکسائز اور پولیس اہلکاروں نے ایک دوسرے پر سنگین الزامات لگائے جبکہ متعلقہ حکام نے معاملے کی انکوائری کا حکم دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے پرایس ایچ او تھانہ چمکنی افتخار کو ایکسائز اہلکاروں کو گرفتار کرنے کیلئے ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے جس کے بعد انہیں عہدے سے ہٹانے کی سفارش کی گئی جبکہ محکمہ پولیس کو ایس ایچ او کے خلاف محکمانہ انکوائری مکمل کرکے محکمہ داخلہ کو بھجوانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔ تحقیقاتی ٹیم نے آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے محکمہ داخلہ کی سربراہی میں پولیس اور ایکسائز کے درمیان ایک مستقل لیزان کمیٹی بھی قائم کرنے کی سفارش کی ہے۔ اس حوالے سے رابطوں کے باوجود پولیس حکام کا موقف سامنے نہیں آسکا۔

مزید پڑھیں:  بلاول نے اپوزیشن اراکین کو غلط الفاظ سے پکارا،بیرسٹر گوہر