اسرائیل کے حامی عمران خان کے حمایتی ہیں، فضل الرحمٰن

ویب ڈیسک:پی ڈی ایم سربراہ و مرکزی امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پسماندہ علاقہ دامان اور خطے کی ترقی کا جو سفر ہم نے شروع کیا تھا وہ بیرونی ایجنٹوں نے ملکی معیشت کو جام کرکے روک دیا ، 2018ء کے الیکشن میں دھاندلی کے سرپرستوں اور اس دھاندلی سے فائدہ اٹھانے والے بھی معلوم ہیں ، پی ٹی آئی والے ٹی وی پر آکر کہتے ہیں کہ ہمارا تو ان سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہم اپنا کاروبار کرنا چاہتے ہیں ، ہم نے ملک میں 14ملین مارچ کئے ،ہمارے تاریخی جلسے ہوئے لیکن ان میں ایک گملا یا پتہ نہیں ٹوٹا، ہم نے اختلاف کیا لیکن ریاست کی حدود کو سمجھا ، آپ نے جی ایچ کیو پر حملہ کیا، کورکمانڈرز کی رہائشگاہ اور قلعہ بالا حصار پر حملہ کیا
ریاست کیلئے قربانی دینے والے سپوتوں کی یادگاروں کو بھی نہیں بخشا، ڈی آئی خان کی ترقی کا سفر دوبارہ شروع کر دیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہال میں جے یوآئی ڈیرہ کے زیر اہتمام ترقیاتی منصوبوں کی افتتاح کی نقاب کشائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، تقریب سے وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود ، ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری اشفاق ایڈوکیٹ، قاری اعجاز فاروقی و دیگرنے بھی خطاب کیا ، تقریب میں صوبائی وزیر زراعت حاجی عبدالحلیم خان قصوریہ ، ناظم اکرام ایسر ایڈوکیٹ ، حاجی نظام الدین ، نوید نظامی ، سابق تحصیل ناظم پروآ سردار امتیاز خان بلوچ ، سابق ناظم مشتاق احمد ڈار، زین ڈارسمیت دیگر بھی موجود تھے
اس موقع پر مولانا فضل الرحمن اور مولانا اسعد محمود و صوبائی وزیر عبدالحلیم قصوریہ نے مفتی محمود چوک سے قریشی موڑ ، مریالی موڑ سے قریشی اور قریشی موڑ سے رمک تک دو رویہ سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے کی نقاب کشائی کرکے افتتاح کیا، مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جو اسرائیل کے حامی ہیں وہی عمران خان کے حمایتی ہیں،عمران یہودی ایجنٹ ہے ، آج کا جلسہ بتا رہاہے کہ ڈیرہ کی ترقی کا سفر ہم نے دوبارہ شروع کردیا ہے ، ہم سی پیک کے ذریعے تین اضلاع کو آپس میں ملائیں گے، پورے خطے پر ہماری نظر ہے ، سی پیک سڑک کا نام نہیں اکنامک کوریڈور ہے ، ڈی آئی خان میں کارگو ایئرپورٹ بنائیں گے ،ہم نے ماضی میں جو ڈیرہ اسماعیل خان کو عالمی تجارتی جنکشن کا وعدہ کیا وہ اب پورا ہونے جارہاہے ، ٹانک زام ، درابن زام اور چودھوان زام بنا کر خطے کو شاداب بنائیں گے۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمن ، مولانا اسعد محمود، مولانا لطف الرحمن کو علاقے کی روایتی پگڑیاں پہنائیں گئی ۔تقریب میں مولانا عبیدالرحمن کے علاوہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ منصور ارشد اور اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ فرحان احمد بھی موجود تھے ، تقریب سے وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2018ء کی ترقی کے رکے ہوئے سفر کا دوبارہ آغاز کررہے ہیں ، ڈیرہ کو روشنیوں کا شہر بنائیںگے،2018ء میں یہودیوں کے ایجنٹ کو مسلط کرکے ترقی کا سفر روکا گیا ، اس وقت ضلع ڈیرہ کا مفرور جو پتا نہیں بل میں چھپا ہے ، ڈیرہ کی عوام کو گمراہ کررہاہے، ڈیرہ کی عوام بیدار ہیں، ان کو گمراہ نہیں کیا جاسکتا ۔سی پیک ہمارا منصوبہ تھا، سابقہ دور میں بند کمرے میں کس منہ سے پی ٹی آئی نے اس کا افتتاح کیا ، حیدر آباد سے سکھر تک موٹروے کا آغاز ہوچکاہے، یارک سے گوادر تک مغربی روٹ پر ہم نے کام کاآغاز کردیاہے۔

مزید پڑھیں:  نوشہرہ، جہانگیرہ میں بجلی کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ پر اہالیان علاقہ سراپا احتجاج