تجارتی مراکز رات 8 بجے بند

تجارتی مراکز رات 8 بجے بند کرنے کے فیصلہ پر عملدرآمد کی ہدایت

ویب ڈیسک: توانائی بچت کے تحت ملک کے دیگر شہروں کی طرح پشاور میں بھی آج پیر کے روز سے تجارتی مراکز رات 8 بجے بند کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ صرف ہوٹلز اور میڈیسن سٹورز کھلے رہیں گے۔ جس کیلئے متعلقہ اداروں نے باقاعدہ منصوبہ بندی کرلی ہے۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ پشاور کو تجارتی مراکز بند نہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔ وفاقی حکومت نے بجلی بچت کے لئے ملک بھر میں تجارتی مراکز کو رمضان کے مہینے میں رات آٹھ بجے کے بعد بند کرنے کا حکم جاری کیا تھا جس کے بعد مزید دو مرتبہ یہ احکامات جاری کئے گئے لیکن اس پر کسی قسم کا عملدر آمد نہیں ہوا جس کی روشنی میں یکم جولائی سے رات آٹھ بجے بند کرنے کے فیصلے کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عید کی چھٹیوں کی وجہ سے چونکہ بازار بند تھے اس لئے ضلعی انتظامیہ پشاور بھر میں تجارتی مراکز رات آٹھ بجے بند کرنے کے حوالے سے آج تین جولائی بروز پیر سے حرکت میں آئے گی اور آج سے رات آٹھ بجے کے بعد صرف ہوٹلز اور میڈیسن سٹورز کو کھلا رکھا جائے گا اور باقی تمام کاروبار بند رہے گا۔ تاہم دوسری جانب تاجروں نے موجودہ معاشی صورتحال میں حکومت کے اس فیصلے کو ناانصافی قرار دیتے ہوئے اس ضمن میں احتجاج کا عندیہ دیا ہے۔ تاجروں کے مطابق دکانیں بند کرنے کے اوقات کو دس بجے تک بڑھا دیا جائے کیونکہ دن کو شدید گرمی کی وجہ سے بازاروں میں کاروبار نہیں ہوتا۔ جو وقت حکومت نے مقرر کیا ہے اس وقت بازاروں میں رش ہوتا ہے اور لوگ خریداری کیلئے نکلتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  جعلی حکومت مجوزہ آئینی ترامیم سے جمہوریت پر حملہ آور ہے، بیرسٹر ڈاکٹرسیف