اسد عمر شاہ محمود 9 مئی

9 مئی واقعات: شاہ محمود اور اسد عمر کو شامل تفتیش ہونے کا حکم

انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے 9 مئی واقعات میں شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔
ویب ڈیسک: اسد عمر اور شاہ محمود قریشی نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو بیان ریکارڈ کروا دیا، 9 مئی سے متعلق شاہ محمود قریشی اور اسدعمر سے سوالات کیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے سامنے 9 مئی کے واقعات کے ڈیجیٹل اور فرانزک شواہد رکھے گئے، دونوں رہنماؤں نے سوالات کے جوابات ریکارڈ کروائے۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے اس حوالے سے بتایا کہ سربراہ جے آئی ٹی نے کچھ سوالات کیے اور پوچھا کہ آپ کا کردار کیا رہا؟ میں نے جواب دیا کہ ہمارا نہ کوئی کردار تھا نہ ہی ہم ملوث ہیں، تفتیش کے سوالات اور نکات کو میڈیا پر لانا مناسب نہیں۔
اس موقع پر اسد عمر نے بتایا کہ پولیس نے 9 مئی سے متعلق پوچھا، جتنی ہمارے پاس معلومات تھیں ہم نے بتا دیں۔
واضح رہے کہ آج لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کو پیش آئے واقعات کے کیس میں اسدعمر اور شاہ محمود قریشی کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

مزید پڑھیں:  سندھ بجٹ تجاویز کی منظوری کابینہ نے دیدی، تنخواہوں اور پنشن میں‌اضافہ متوقع