پشاور میں بادل اور ٹھنڈی ہوائیں، حبس میں کمی

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم مرطوب اور جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ روز پشاور میں صبح سے ہوائیں چلنے کا سلسلہ شروع ہوا اور بادل چھائے رہے جس کے باعث کہیں کہیں پر ہلکی بارش بھی ہوئی ہے۔ آج پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، کوہستان، تورغر، شانگلہ اور چترال میں بارش متوقع ہے۔ دیر، سوات، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، ہنگو، کرک اور لکی مروت میں بھی بارش کا امکان ہے۔ پشاور میں گزشتہ روز کم سے کم 29 اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔ پشاور میں گزشتہ روز ٹھنڈی ہوائیں چلنے کی وجہ سے حبس میں کمی واقع ہوگئی ہے اور موسم قدرے خوش گوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے 27 جولائی تک صوبے کے مختلف اضلاع بشمول پشاور میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

مزید پڑھیں:  قانون ہاتھ میں لیاتوسخت ایکشن ہوگا،وفاقی حکومت کاعلی امین کوجواب