76 واں یوم آزادی

76 واں یوم آزادی، ملک بھر میں جشن، ہلالی پرچموں کی بہار

ملک بھر میں آج پاکستان کا 76 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
ویب ڈیسک: سرکاری و نجی عمارتوں اور سڑکوں، بازاروں اور مارکیٹوں میں شاندار چراغاں کیا گیا ہے جبکہ قومی پرچم، جھنڈیاں، بانیانِ پاکستان کی تصاویر اور بینرز جگہ جگہ آویزاں کئے گئے ہیں۔
دن کا آغاز اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اکتیس توپوں کی سلامی دی گئی، نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت صوبہ بھر میں 76 واں یوم آزادی بھرپور انداز میں منایا جا رہا ہے، یوم آزادی کا آغاز پشاور میں شاندار آتش بازی سے کیا گیا، جمرود باب خیبر اور لنڈی کوتل میں آتش بازی کی گئی، نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔
کراچی میں مزار قائد پر اعزازی گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب ہوئی، کمانڈنٹ نیول اکیڈمی کموڈور محمد خالد تقریب کے مہمان خصوصی تھے، کمانڈنٹ کموڈور محمد خالد نے مزارِ قائد پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی۔
پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزارِ قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھال لئے۔
کراچی میں پورٹ گرینڈ پر 76 واں یوم آزادی پر شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا گیا جہاں شہری پر جوش نظر آئے۔
لاہور میں محفوظ شہید گیریژن میں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی، تقریب میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے نعرہ تکبیر بلند کیا، پاک فوج کے جوانوں کے اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔
بعد ازاں لاہور میں علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شاعر مشرق کو سلامی پیش کی۔
اسلام آباد میں بھی آسمان مختلف رنگوں سے سج گیا، ایف نائن پارک میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، شہریوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

مزید پڑھیں:  ریاستی پالیسیوں کے نقاد شاعر فرہاد شاہ کے اغوا پر پولیس افسران طلب