بجلی چوری

بجلی چوری روکنے کے لئے صوبائی حکومت بھی حرکت میں آگئی

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبہ بھر میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اس ضمن میں تحصیل سطح پر خصوصی کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں جو بجلی چوروں کیخلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کریں گی۔ ان کمیٹیوں کی نگرانی کے لئے ضلعی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے جبکہ اس تمام آپریشن کیلئے صوبائی سطح پر ٹاسک فورس کام کرے گی۔ محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صوبہ بھر میں بجلی کی چوری روکنے اور بقایاجات کی وصولی کیلئے تین درجاتی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے۔ صوبائی، ضلعی اور تحصیل سطح پر ٹاسک فورس کام کرے گی۔ صوبائی سطح پر ٹاسک فورس کے سربراہ سیکرٹری داخلہ ہونگے جبکہ ممبران میں سیکرٹری توانائی، سیکرٹری صنعت، پاور ڈویژن کے نمائندے، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ڈویژنل کمشنرز، چیف ایگزیکٹو پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی، ڈائریکٹر فنانس پیسکو شامل ہیں۔ یہ ٹاسک فورس بجلی چوری کی روک تھام اور نقصانات کنٹرول کرنے کیلئے کام کریگی جبکہ ریکوری بھی بہتر بنائے گی۔ اسی طرح یہ کمیٹی ہر مہینے ضلعی اور تحصیل سطح کی کمیٹی کی کارکردگی کا جائزہ لے گی۔ تحصیل کمیٹی فوری آپریشنز کا آغاز کریگی اور پولیس کی مدد سے تمام غیر قانونی کنڈے اور کنکشن ختم کریگی۔ اسی طرح تمام بقایاجات وصول کریگی اور نادہندگان کیخلاف مقدمات درج کریگی۔ ایکسیئن کی یہ ذمہ داری ہوگی کہ جہاں بجلی چوری ہو رہی ہو وہاں دوبارہ بجلی کنکشن نہ لگایا جائے۔ پولیس چھاپہ مار ٹیم کو درکار سکیورٹی فراہم کریگی۔

مزید پڑھیں:  جامعات کے مسائل حل کرنے کیلئے صوبائی ایچ ای سی کے قیام کا فیصلہ