ورلڈ کپ، بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا

ویب ڈیسک: آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے 38ویں میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا۔ ذرائع کے مطابق بھارتی شہر دہلی میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے 38 ویں میچ میں بنگال ٹائیِگرز کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پوری آئی لینڈرز الیون آخری اوور میں 279 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ سری لنکن اوپنر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے، 5 کے مجموعی سکور پر کشال پریرا 4 کے انفرادی سکور پر پویلین جا بیٹھے۔ کپتان کشال مینڈس 19 رنز جبکہ اوپنر پاتھم نسانکا اور سدیرا سمارا وکراما 41، 41 رنز کی اننگز کھیل کر چلتے بنے۔
سری لنکا کی پانچویں وکٹ 135 کے مجموعی سکور پر گری جب اینجلو میتھیوز کو امپائر نے مقرر وقت پر بیٹنگ نہ کرنے پر آؤٹ قرار دے دیا اور وہ کسی گیند کا سامنا کیے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
سری لنکا کی جانب سے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 78 رنز بنے، دنن جایا ڈی سلوا 34 رنز بنا کر سٹمپ آؤٹ ہوگئے جبکہ مہیش تھیکسانا 22 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ دوسری جانب لنکن بیٹر چریت اسلانکا 108 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ یوں پوری سری لنکا کرکٹ ٹیم آخری اوور میں 279 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تنظیم حسن نے 3 اور شریف السلام اور شکیب الحسن نے 2 ،2 جبکہ مہدی حسن میراز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلہ دیش نے280 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے میچ 3 وکٹوں سے جیت لیا۔ سری لنکا کیخلاف میچ میں بنگال ٹائیگرز کے بیٹرز نجم الحسن شانتو 90 جبکہ کپتان شکیب الحسن 82 رنز بناکر نمایاں رہے۔
میگا ایونٹ میں دونوں ٹیموں نے اب تک 8، 8 میچز کھیل رکھے ہیں جن میں سے دونوں ٹیموں کی کامیابی کا گراف 2،2 میچز کیساتھ برابر ہے۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن کو 2 وکٹیں اڑانے اور 82 رنز کی اننگز کھیلنے پر مرد میداں قرار دیدیا گیا۔

مزید پڑھیں:  وزیراعظم کی چینی کمپنی کو پاکستا ن میں سرمایہ کاری کی دعوت