ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت نیب کی شمولیت سے یقینی ہوگی، نگران وزیر اعلی

ویب ڈیسک: صوبہ خیبرپختونخوا میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور ان میں شفافیت لانے کیلئے نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ سے چئیرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ نے ملاقات کی۔
اس دوران سرکاری محکموں کے امور خصوصاً ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یاد رہے کہ ملاقات میں ڈی جی نیب خیبر پختونخوا وقار احمد چوہان بھی موجود تھَے۔
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے اس دوران کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے تمام مراحل میں نیب کی شمولیت سے نہ صرف شفافیت یقینی بنائی جا سکتی ہے بلکہ ترقیاتی عمل میں تاخیر سے بھی بچا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی اور عوام کی بھلائی کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
نیب اصلاحات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس سے بدعنوانی کا خاتمہ کرنے میں بہت مدد ملے گی جو ایک قومی فریضہ ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ نے ملاقات میں کہا کہ بدعنوانی کے خلاف نگران صوبائی حکومت زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
چئیرمین نیب نے بدعنوانی کے خاتمے اور سرکاری امور میں شفافیت کے لئے وزیر اعلی کے وژن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شفافیت یقینی بنانے کے لئے نیب صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

مزید پڑھیں:  یوسف رضا گیلانی کو موبائل فون پر دھمکی آمیز میسج موصول