نیشنل ایکشن پلان برائے ہیلتھ سیکورٹی خیبرپختونخوا کا مشاورتی اجلاس شروع

ویب ڈیسک: ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا ڈاکٹر شوکت علی کی صدارت میں نیشنل ایکشن پلان برائے ہیلتھ سیکورٹی 28-2024ء کے تعین کیلئے خیبرپختونخوا ٹیکنیکل گروپ کا تین روزہ مشاورتی اجلاس شروع ہو گیا۔
اپنی نوعیت کے اہم اجلاس میں محکمہ صحت کے تمام ذیلی ڈائریکٹرز، پروجیکٹ ڈائریکٹرز، نیشنل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کے نمائندوں سمیت ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن و دیگر سٹیک ہولڈرز نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شوکت علی نے کہا کہ اجلاس میں پراونشل ایکشن پلان کا تعین کیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کیلئے عالمی ادارہ صحت کی خصوصی ٹیکنیکل ٹیم بھی آ چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ورکشاپ سے ہمیں صوبائی ایکشن پلان برائے ہیلتھ سیکورٹی کا تعین کرنے میں بھی مدد ملے گی، ہم نے قومی سطح پر نیشنل ایکشن پلان برائے ہیلتھ سیکورٹی ترتیب دیدیا ہے۔
چیف سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول این آئی ایچ ڈاکٹر ممتاز کا کہنا تھا کہ صوبوں میں ہمیشہ خیبرپختونخوا نے نیشنل ایکشن پلان ترتیب دینے میں پہل کی ہےاب کی بار بھی پہل کر کے روایت برقرار رکھی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کو صحت کی مد میں 19 مختلف مقامات پر استعداد کار بڑھانے کی ضرورت ہے، ان مقامات میں بائیو ہیزرڈ، بائیو کیمیکل، قدرتی آفات، کورونا کی طرح بیماریوں کے روک تھام، بارڈر مینجمنٹ، فضائی آلودگی وغیرہ شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:  ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا جسد خاکی مل گیا