پی ٹی آئی

پی ٹی آئی کے 3 رہنماﺅں کو سیشن کورٹ میں پیشی کا حکم

ویب ڈیسک: پشاور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے صوبائی جنرل سیکرٹری اصغر خان سمیت پی ٹی آئی کے 3 رہنماﺅں کی راہداری ضمانت 30 دسمبر تک منظور کرتے ہوئے انہیں سیشن کورٹ ایبٹ آباد میں پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔
جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ پر مشتمل بنچ نے کیس پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکلوں کے خلاف پولیس سٹیشن کورٹ ایبٹ آباد میں ورکرز کنونشن بغیر اجازت کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا۔
ایک درخواست گزار علی اصغر پی ٹی آئی کے صوبائی جنرل سیکرٹری جبکہ علی جدون اور نذیر عباسی سابق اراکین اسمبلی ہیں۔ درخواست گزار پرامن شہری ہیں اور انہیں اس مقدمہ میں نامزد کرنے کا مقصد پی ٹی آئی کے انتخابی مہم میں رکاﺅٹیں ڈالنا ہے۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ وہ عدالت کے سامنے پیش ہونا چاہتے ہیں تاہم انہیں خدشہ ہے کہ مقامی عدالت میں پیش ہونے سے قبل گرفتار کرلیا جائے گا لہذاٰ راہداری ضمانت دی جائے۔
عدالت نے بعد ازاں ایک لاکھ دو نفری ضمانتی مچلکوں کے عوض تینوں درخواست گزاروں کی سفری ضمانت منظور کرلی اور انہیں 30 دسمبر تک سیشن کورٹ ایبٹ آباد میں پیش ہونے کی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں:  ریاستی پالیسیوں کے نقاد شاعر فرہاد شاہ کے اغوا پر پولیس افسران طلب