نوٹس جاری

ایف بی آر نے لاکھوں نان فائلرز کو نوٹس جاری کر دئیے

ایف بی آر کا غیررجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کے بجلی اور ٹیلیفون کنکشنز منقطع کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا
ویب ڈیسک: ایف بی آر نے لاکھوں نان فائلرز کو نوٹس جاری کر دئیے.
ایف بی آر کی جانب سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط کے مطابق زیادہ سے زیادہ افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے غیررجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کے بجلی اور ٹیلیفون کے کنکشنز منقطع کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے قرض کی منظوری کیلئے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی شرط عائد کر رکھی ہے۔
ترجمان ایف بی آر نے بتایا کہ مجموعی طور پر غیر رجسٹرڈ 81 لاکھ 95 ہزار سے زائد افراد کو نوٹس جاری کر چکے ہیں، ٹیکس سال2022 کیلئے 24 لاکھ 98 ہزار419 غیر رجسٹرڈ افراد کو نوٹس جاری کئے گئے.
ٹیکس سال 2023 کیلئے 56 لاکھ 96 ہزار590 غیررجسٹرڈ افراد کو نوٹس جاری کئے گئے۔
ترجمان ایف بی آر کے مطابق نوٹسز جاری ہونے کے بعد اب دوسرے مرحلے میں غیر رجسٹرڈ بڑے ٹیکس دہندگان کے ٹیلیفون کنکشن منقطع کرنے کا منصوبہ ہے، ان افراد کو انکم ٹیکس جنرل آرڈر کے تحت نوٹسز جاری کئے گئے۔
ذرائع ایف بی آر کے مطابق ان افراد کی تفصیلات بینکوں کے لین دین سے حاصل کی گئی ہیں، کاروباری افراد کی طرف سے خرید وفروخت کا ڈیٹا بھی نادرا کی مدد سے حاصل کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  آئینی ترامیم پر اتحادیوں کو آن بورڈ لینا چاہئے تھا، گورنر خیبرپختونخوا