پشاور شدید سردی اور دھند کی لپیٹ میں، معمولات زندگی متاثر

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول پشاور شدید دھند اور سردی کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔ دھند اور ٹھنڈی ہواﺅں سے گرم مرطوب اضلاع میں درجہ حرارت دو سے تین سینٹی گریڈ تک گر گیا ۔ سڑکوں پر حدنگاہ کم ہو گئی ہے جبکہ بالائی اضلاع میں برف باری سے درجہ حرارت نقطہ انجمادسے بحی نیچے گر گیا۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ روز چترال اور دیر میں درجہ حرارت منفی 2 ریکارڈکیاگیا۔ اس طرح بدھ کا روز رواں سردی سیزن کا اب تک کا سرد ترین دن بن گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ چارسدہ ، مردان،نوشہرہ ، صوابی ، پشاور، لکی مروت، بنوں، ڈی آئی خان اورٹانک میں صبح اور رات کے اوقات میں شدیددھند کا سلسلہ برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ دسمبر میں معمول کی سردی تھی اور کم از کم درجہ حرارت بھی15سینٹی گریڈسے زائدتھا تاہم جنوری شروع ہوتے ہی سردی نے اپنا اثر دکھا نا شروع کردیاہے۔
پشاور اور خیبر پختونخوا کے دوسرے شمالی اور جنوبی اضلاع میں شدید دھندکے ساتھ ٹھنڈی ہواﺅں کا سلسلہ چل رہا ہے اور سردی کی شدت بڑھ گئی ہے گذشتہ روز پشاور، چارسدہ ، مردان،نوشہرہ ، صوابی ، پشاور، لکی مروت، بنوں اور ڈی آئی خان میں شدیددھندچھائی رہی اور درجہ حرارت بھی کم ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق موٹروے پولیس نے شدید دھند کے باعث پشاور سے اسلام آباد تک موٹر وے ٹریفک کےلئے بند کردی۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق سوات ایکسپریس وے کرنل شیر خان سے چکدرہ تک شدید دھند کے باعث بند ہے۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق ہزارہ ایکسپریس وے برہان سے جھاری کس تک شدید دھند کی وجہ سے ٹریفک کےلئے بند کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ سال نو کے شروع ہوتے ہی پشاور شدید سردی اور دھند کی لپیٹ میں آ گیا ہے جس کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  چارسدہ اور مردان میں فائرنگ، 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق