قومی وطن پارٹی

قومی وطن پارٹی کے رہنما فیاض علی شاہ انتخابات سے دستبردار

ویب ڈیسک: قومی وطن پارٹی کے رہنما فیاض علی شاہ انتخابات سے دستبردار ہوگئے.
قومی وطن پارٹی کے صوبائی نائب چیئرمین سید فیاض علی شاہ نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عام انتخابات سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔
فیاض علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں نے قومی وطن پارٹی کی جانب سے پی کے 83 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے لیکن اب میں نے الیکشن سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
رہنما قومی وطن پارٹی فیاض علی شاہ کا کہنا تھا کہ کسی کے کہنے پر نہیں بلکہ نجی مصروفیات کی وجہ سے ٹکٹ واپس کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کا حصہ ہوں اور ہمیشہ رہوں گا۔
انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں میرے خلاف افواہیں پھیلائی جارہی ہیں،
لیکن میں واضح کردوں کہ میں کسی اور سیاسی جماعت میں نہیں جارہا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اپنے خاندان کی غزت پر کوئی سمجھوتا نہیں کرسکتا، بڑوں کے کہنے پر ہی عام انتخابات سے دستبردار ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے شہر کو تباہ کر دیا ہے، خدمت کی آڑ میں آنیوالے اُمیدوار کہاں ہیں؟
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سینیٹر بنانے کی آفر میں کوئی صداقت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے بیانئے میں سب سے پہلے پشاور کا نعرہ شامل تھا۔ اس شہر کے لوگ 25سالوں سے انہی اُمیدواروں کو ووٹ دے رہے ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پشاور پھولوں کا شہر تھا جسے کوڑا کرکٹ میں تبدیل کردیا گیا۔
میرا سوال ہے کہ شہر پشاور کو اس حالت تک پہنچانے والے کون ہیں؟ پہلے کوئی ذمہ داری لیں پھر اہل پشاور سے ووٹ مانگے۔
پریس کانفرس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تین سال سے شہر میں پھر رہا ہوں، شہر کی ایک ایک گلی دیکھی ہے۔ شہر کے اندر ٹوٹی پھوٹی گلیوں میں سٹریٹ لائٹس تک نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملکی حالات، اکانومی، واپڈا اور گیس قومی ایشوز ہیں، ہم سب نے پشاور شہر کے مسائل پر فوکس کرنا ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ 2012 سے 2019 تک شہر کے ایم پی ایز کو ایک ارب 90کروڑ روپے کے فنڈ ملے۔
اتنا پیسہ کہاں لگا؟ اس کا جواب چاہتے ہیں۔
فیاض علی شاہ نے کہا کہ 2008 تا 2013 اے این پی اور پی پی پی کی حکومت تھی، پشاور سے 9 وفاقی وزراء تھے، انہوں نے شہر کیلئے کیا کیا؟
انہوں نے مزید کہا کہ بیس سالوں سے اندرون شہر کے حالات خراب ہیں، نہ روڈ صحیح ہوئے اور نہ ہی نظام ٹھیک ہوا۔
فیاض علی شاہ نے کہا کہ شہر کے حالات خراب کرنیوالے لوگ کہاں غائب ہیں؟ کوئی پوچھنے والا نہیں۔

مزید پڑھیں:  امریکہ کی 3اہم ریاستوں میں ڈونلڈ ٹرمپ کی پوزیشن بہتر