بارش اور برفباری

ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری،رابطہ سڑکیں بند

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری وقفے وقفے سے جاری ،شاہراہ نیلم اور شاہراہ سری نگر سمیت آزادکشمیر کی متعدد رابطہ سڑکیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہیں۔
اپریل کے آخر میں بھی وادی تیراہ میدان میں برف باری ہوئی جس سے موسم سرد و خوشگوار ہو گیا ۔
برف باری سے مقامی افراد لطف اندوز ہونے کے ساتھ حیران بھی ہو ئے ۔

ملم جبہ میں بھی کئی سالوں بعد اپریل کے آخر میں برف باری ہوئی جس سے موسم مزید سرد ہو گیا جبکہ برف باری کی خبر پر سیاح ملم جبہ میں امڈ آئے۔
مری میں تین دن سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بارش جبکہ پشاور میں دو روز سے جاری بارش کاسلسلہ تھم گیا۔
آزاد کشمیر میں وادی نیلم میں چوتھے روز بھی وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے جب کہ سیاحتی مقامات پر برف باری کاسلسلہ بھی جاری ہے۔
طوفانی بارشوں سے دریائے نیلم سمیت ندی نالوں میں طغیانی ہے اور مواصلات کا نظام متاثر ہے، لینڈسلائیڈنگ اور پتھر گرنے سے شاہراہ نیلم سمیت رابطہ سڑکیں بند ہیں۔
بجلی کی ٹرانسمیشن لائنیں گرنے سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے اور انٹرنیٹ کی سروس متاثر ہے۔
مانسہرہ کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری سے مرکزی سڑک اور کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔
گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ سیکئی مقامات پربند شاہراہ قراقرم کو نہیں کھولا جاسکا، سیکڑوں مسافر اور گاڑیاں پھنس گئیں۔

مزید پڑھیں:  ترک صدر کا رواں ماہ کے آخر میں دورہ پاکستان کا امکان