باحجاب تصویر

روس :شہریت کی درخواست میں باحجاب تصویرکی اجازت مل گئی

ویب ڈیسک: روس نے اپنے قوانین میں نرمی کرتے ہوئے شہریت کی درخواست دینے والی غیر ملکی خواتین کو دستاویزات کے لیے حجاب والی تصاویر جمع کرانے کی اجازت دے دی۔
روسی میڈیا کے مطابق روسی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نئے قانون کا اطلاق 5 مئی سے ہوگا جس کے تحت شہریت کی درخواست دینے والی خواتین حجاب کے ساتھ اپنی تصاویر ضروری دستاویزات کے ساتھ جمع کراسکیں گی۔
روسی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اگر کسی درخواست گزار (خاتون)کے مذہبی عقائد اسے اجنبیوں کے سامنے سر ڈھانپے بغیر آنے سے روکتے ہوں تو وہ اپنی اسکارف والی تصاویر جمع کراسکتی ہے۔
بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ درخواست کے ساتھ فراہم کی گئی تصاویر میں چہرہ چھپا ہوا نہیں ہونا چاہیے اور ایسی تصاویر جن میں درخواست گزار کی ٹھوڑی مکمل یا جزوی ڈھکی ہوئی ہو وہ تصاویر بھی ناقابل قبول ہوں گی۔
خیال رہے کہ روسی خواتین کو پہلے ہی سرکاری دستاویزات جیسے پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور ورک پرمٹ وغیرہ کے لیے حجاب والی تصاویر استعمال کرنے کی اجازت ہے۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ نئے قوانین درخواست گزاروں کو اپنے مذہبی عقائدپر عمل کرنے کی اجازت دینے کے ساتھ ریاست کی سکیورٹی کو بھی یقینی بنائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق سوویت دور میں تمام پاسپورٹ تصاویر حجاب کے بغیر جمع کرانیکی پابندی تھی تاہم سوویت یونین کی تحلیل کے بعد مسلم خواتین نے پاسپورٹ تصاویر میں حجاب کا استعمال شروع کردیا۔

مزید پڑھیں:  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کردی گئی