بلدیاتی نمائندوں کا احتجاج ملتوی

پشاور: صوبائی وزیر ارشد ایوب سے کامیاب مذاکرات کے بعد بلدیاتی نمائندوں کا احتجاج ملتوی

ویب ڈیسک: صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب سے کامیاب مذاکرات کے بعد بلدیاتی نمائندوں نے اپنا احتجاج مشروط طورپر ملتوی کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر ارشد ایوب خان سے ویلج کونسل، نیبرہڈ کونسل اور تحصیل میئر نے ملاقات کی اور اپنے مطالبات سے آگاہ کیا ۔
صوبائی وزیر کی یقین دہانی پر ولج کونسل ، نیبرہڈ کونسل اورتحصیل چیئرمین نے اپنا احتجاج مطالبات سے مشروط کرکے دو ہفتوں کے لئے ملتوی کردیا۔
ذرائع کے مطابق بلدیاتی نمائندوں نے صوبائی وزیر سے ملاقات کے دوران رولز آف بزنس میں ترمیم اورفنڈز کی بحالی کا مطالبہ کیا ۔
صوبائی وزیر ارشد ایوب خان نے بلدیاتی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوابھی آپ کے مسائل کا حل چاہتے ہیں ،محکمہ خزانہ کو صوبے میں ویلج کونسل اور نیپر ہوڈ کونسل میں فنڈز کی مساوی تقسیم کا کہا جائے گا ۔
ارشد ایوب نے اس بار بجٹ میں آپریشنل اور ترقیاتی فنڈز کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ڈویلپمنٹ گرانٹس کے لئے ایگزیکٹو سمری کابینہ کے لئے بھیج دی ہے،رولز آف بزنس میں بھی آپ کی مشاورت سے ترامیم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نچلی سطح پر اختیارات کی تقسیم کے حق میں ہے، گورنمٹ نظام کو دوبارہ سے فعال اور آپ کے تمام مسائل حل کریں گے،لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کابینہ میں پیش کی جائے گی۔
صوبائی وزیر نے بلدیاتی نمائندوں کو یقین دلایا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے آپ کی ملاقات کروا کے تمام مسائل کے حل کے لئے باقاعدہ فریم ورک طے کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے مینڈیٹ کو تسلیم کرنا ہوگا،لوکل باڈیز کے مسائل کو حل کر کے ہمیں فائدہ ہوگا اور ہم مزید کاموں پر توجہ دے سکیں گے۔

مزید پڑھیں:  ایبٹ آباد، واٹر سپلائی سکیم کیخلاف ویلیج کونسل چیئرمینوں کا احتجاجی مظاہرہ